
ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والی خاتون کا انوکھا دعویٰ
انسانی بقا کے لیے ہوا، پانی اور غذا بنیادی ضرورتیں ہیں اس کے بغیر زندگی کا تصور نہیں کیا جاسکتا، تاہم ایتھوپیا میں ایک خاتون کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے گزشتہ 16 برسوں سے نہ تو کھانا کھایا اور نہ پانی پیا ہے۔
ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والی 26 سالہ ملو ورک امبو کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کے آخری 16 سال بغیر کچھ کھائے پیے گزارے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کھانا پینا اس وقت ترک کیا تھا جب وہ محض 10 برس کی تھی کیونکہ ان کی بھوک اچانک ختم ہوگئی تھی۔
تاہم غذا کی کمی کے باوجود وہ نہ صرف معمول کی زندگی گزر رہی ہیں بلکہ ان کی صحت بھی بہتر ہے یہاں تک وہ اپنے روزمرہ کے کاموں کو آسانی سے انجام دیتی ہیں، جس میں دوسروں کے لیے کھانا پکانا اور مختلف گھر کے کام کرنا شامل ہیں۔
ملو ورک امبو کے ایتھوپیا میں کئی طبی ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں لیکن کوئی بھی اس بات کی تصدیق نہیں کرسکا کہ آیا انہوں نے سچ کہا ہے البتہ ادیس ابابا کے ایک اسپتال کے ڈاکٹروں نے تصدیق کی ہے کہ معائنے کے وقت ملو ورک امبو کی آنتوں میں کسی قسم کی کوئی خوراک یا غذا موجود نہیں تھی۔
ملو ورک امبو اس وقت کافی مشہور ہوئی جب وہ ڈریو بنسکی سے ملنے گئی تھی واضح رہے کہ ڈریو بنسکی ایک امریکی ٹریول بلاگر ہیں جنہوں نے ایتھوپیا کے دورے کے دوران ملو ورک کی کہانی سنی اور اس سے ذاتی طور پر ملنے کی خواہش کا اظہار کیا، اس ملاقات کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی۔ تاہم یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ جب ملو ورک کا نام خبروں کی زینت بنا، انہوں نے اس سے پہلے 2016 میں صحافی اور ٹی وی رپورٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی جب انہوں نے ملو ورک کے بارے میں عجیب و غریب کہانی سنی۔
26 سالہ خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی یاد کر سکتی ہیں کہ آخری بار کب اور کیا کھانا کھایا تھا ان کا کہنا ہے کہ ان کا آخری کھانا انجیرا کے ساتھ سرخ دال کا اسٹو تھا، جو کہ ایک عام ایتھوپیائی ڈش ہے۔
جس کے کھانے کے بعد ان کی بھوک بالکل ختم ہو گئی۔ پہلے تو وہ اپنے گھر والوں سے جھوٹ بولتی رہی کہ انہوں نے کھانا کھالیا تاہم آخرکار اسے سچ بتانا پڑا۔
ملو ورک نے گزشتہ 16 برس سے نہ تو کھانا کھایا ہے اور نہ ہی پانی پیا ہے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اس طویل عرصے کے دوران بیت الخلا بھی استعمال نہیں کیا وہ صرف باتھ روم کا رخ اس وقت کرتی ہیں جب انہیں نہانا ہوتا ہے۔ تاہم لوگوں کا کہنا ہے ایسا ممکن ہی نہیں ہے کہ کوئی بھی شخص اتنے طویل عرصے تک بنا کسی غذا اور پانی کے زندہ رہ سکے۔
واضح رہے کہ لوگوں کو کئی دہائیوں تک ٹھوس خوراک کے بغیر زندہ رہنے کا دعویٰ کرتے سنا ہے، ملو ورک لیکن ان چند لوگوں میں سے ایک ہے جو یہ دعویٰ کرتی ہیں کہ انہیں مائعات کی بھی ضرورت نہیں ہے، جس پر یقین کرنا واقعی مشکل ہے ۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News