نزلہ و زکام ایک ایسا عام سا مرض ہے جو ہر ایک کو متاثر کرتا ہے، تاہم یہ بچوں میں اور بھی زیادہ پریشان کن ثابت ہوتا ہے، لیکن نمکین پانی کے قطرے بچوں کی نزلہ زکام کی مدت کو کم کرسکتے ہیں۔
ایک نئی تحقیق کے مطابق نمکین پانی کے ناک میں ڈالے جانے والے قطرے بچوں کے نزلہ زکام کی مدت دو دن تک کم کر سکتے ہیں۔
نمکین پانی کے قطروں کا اثر نزلہ وزکام پر دیکھنے کے لیے ایک تحقیق کی گئی ہے، اس مقصد کے لیے محققین نے 6 سال یا اس سے کم عمر کے 400 سے زائد بچوں کو شامل کیا اور ان میں سے کچھ کو نمکین پانی کے ناک میں ڈالے جانے والے قطرے دیئے گئے جبکہ کچھ کو معمول کی ادویات دی گئی۔
نتائج کے مطابق ایسے تمام بچے جنہیں نمکین پانی کے قطرے ناک میں ڈالنے کے لیے دیئے گئے تھے ان میں اوسطاً چھ دن تک نزلہ زکام کی علامات رہیں، جبکہ عام ادویات لینے والے بچوں میں یہ علامات آٹھ دن تک جاری رہیں، اسی طرح نمکین پانی کے قطرے استعمال کرنے والے بچوں کو مرض کے دوران کم دوائیں لینے کی ضرورت پیش آئی۔
محققین کے مطابق والدین نے بچوں کی ناک میں تین تین قطرے دن میں کم از کم چار بار استعمال کئے، جو سمندر کے نمک سے گھر پر بنائے گئے تھے۔
نہ صرف یہ کہ بچوں کی صحت نمکین پانی کے قطروں سے جلد بہتر ہوئی، بلکہ نزلہ زکام کے بڑھنے میں بھی کمی نوٹ کی گئی، تقریباً 82 فیصد والدین نے کہا کہ قطرے استعمال کرنے سے ان کے بچوں کی حالت جلدی بہتر ہوئی اور 81 فیصد نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی نمکین پانی کے قطرے استعمال کریں گے۔
محققین کا کہنا ہے کہ نمک سوڈیم اور کلورائیڈ سے بنتا ہے، کلورائیڈ کو ناک اور ہوا کی نالی کی سطحی خلیات وائرس کے انفیکشن سے لڑنے کے لئے ہائپوکلورس ایسڈ پیدا کرنے میں استعمال کرتے ہیں، جبکہ اضافی کلورائیڈ فراہم کر کے، یہ خلیات کو مزید ہائپوکلورس ایسڈ پیدا کرنے میں مدد دیتا ہے، جو وائرس کی افزائش کو کم کرتا ہے، جس سے بیماری کی مدت کم ہوتی ہے۔
یہ انتہائی سستا اور آسان طریقہ دنیا بھر میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ والدین اس محفوظ مؤثر طریقے کو استعمال کر کے بچوں میں نزلہ زکام کے اثرات کو کم کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News