قد چھوٹا یا بڑا ہرایک کے اپنے فوائد اور نقصانات ہوتے ہیں تاہم حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق دراز قد افراد میں کینسر کا خطرہ بڑھ جاتاہے۔
ورلڈ کینسر ریسرچ فنڈ کی رپورٹ کے مطابق، لمبا قد رکھنے والے افراد میں جن اقسام کے کینسر ہونے کا زیادہ امکان ہوتا ہے، ان میں پینکرایاز، بڑی آنت، رحم (اینڈومیٹریئم)، پروسٹیٹ، گرد، جلد (میلانوما)، چھاتی (پری اور پوسٹ مینوپازل) شامل ہیں۔
ماہرین کے نزدیک ان کی کچھ وجوہات ہے جو یہاں پیش کی جارہی ہیں۔
یو کے ملین ویمن اسٹڈی کے مطابق 17 قسم کے کینسر میں سے 15 ایسے ہیں جن سے دراز قد رکھنے والے زیادہ متاثر ہوتے ہیں
یہ مطالعہ بتاتا ہے کہ خواتین میں دس سینٹی میٹر لمبائی کے اضافے سے کینسر ہونے کا خطرہ تقریباً 16 فیصد بڑھ جاتا ہے۔ تاہم یہی پیٹرن مردوں میں بھی دیکھا گیا ہے۔
مثال کے طور پر، اگر ہر 10,000 عورتوں میں سے اوسط قد کی تقریباً 45 عورتیں کینسر میں مبتلا ہوتی ہیں، تو 175 سینٹی میٹر لمبی عورتوں میں یہ تعداد تقریباً 52 ہو جاتی ہے، یہ اضافہ بہت زیادہ نہیں ہے۔ تاہم تشویش ناک ضرور ہے۔
اسی طرح ایک اور مطالعے کے مطابق 23 میں سے 22 کینسر کی اقسام لمبے قد کے افراد میں زیادہ عام ہیں۔
اس کی وجہ کیا ہے؟
یہ نتائج بتاتے ہیں کہ قد اور کینسر کے درمیان تعلق کی کوئی حیاتیاتی وجہ ہو سکتی ہے، لیکن یہ ابھی مکمل طور پر واضح نہیں ہے، تاہم اس حوالے سے دو مضبوط نظریات موجود ہیں۔
پہلا نظریہ یہ ہے کہ لمبے افراد کے جسم میں زیادہ خلیے ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر، ایک دراز شخص ممکنہ طور پر بڑی آنت میں زیادہ خلیے رکھتا ہے اور اس وجہ سے بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا ہونے کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔
سائنسدانوں کا خیال ہے کہ کینسر جینز کو نقصان پہنچنے کے باعث ہوتا ہے جو خلیے کی تقسیم کے دوران ہوتا ہے، جتنی زیادہ بار خلیے تقسیم ہوں گے، اتنا زیادہ امکان ہے کہ جینیاتی نقصان ہوگا اور نئے خلیے تک منتقل ہوگا، زیادہ خلیے ہونے کی صورت میں زیادہ تقسیم ہوگی اور اس طرح کینسر کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔
کچھ تحقیق اس نظریہ کی حمایت کرتی ہے کہ زیادہ خلیے ہونے کی وجہ سے لمبے افراد کینسرمیں مبتلا ہوتے ہیں جبکہ اسی طرح مردوں میں کینسر ہونے کا امکان اس لیے زیادہ ہوتا ہے کیونکہ وہ اوسطاً خواتین سے زیادہ لمبے ہوتے ہیں۔
ایک مطالعے میں اس کا جائزہ لینے کی کوشش کی گئی، جو نتائج سامنے آئے اس کے مطابق آٹھ میں سے 15 کینسر کی اقسام میں قد اور کینسر کے درمیان تعلق پایا گیا، جبکہ دوسرا نظریہ یہ ہے کہ کوئی عام سا عنصر ہے جو لوگوں کے قد میں اضافے کا سبب بنتا ہے، ان کے کینسر کے خطرے کو بھی بڑھاتا ہے۔
امکان ہے کہ ایک ہارمون ہے جسے انسولین لائیک گروتھ فیکٹر 1 (IGF-1) کہا جاتا ہے۔ یہ ہارمون بچوں کی نشوونما میں مدد کرتا ہے اور بالغوں میں خلیے کی نمو اور تقسیم میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
یہ عام سا عمل ہے کہ آپ کے جسم میں پرانے خلیے بوڑھے ہونے پر ختم ہوجاتے ہیں اور اس کی جگہ نئے خلیات جنم لیتے ہیں، تاہم بہت زیادہ انسولین لائیک گروتھ فیکٹر 1 (IGF-1) کی موجودگی بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر چھاتی یا پروسٹیٹ کے کینسر کے لئے۔
اس طرح دراز قد میں کینسرہونے کے امکان کے لیے زیادہ خلیے اور زیادہ IGF-1) ممکنہ طور پر اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تاہم ان نظریوں پرمزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ یہ جانا جا سکے کہ لمبے افراد کو کینسر کیوں ہوتا ہے اور کیا اس معلومات کا استعمال کینسر کی روک تھام یا علاج کے لئے کیا جا سکتا ہے۔
دراز قد رکھنے والے افراد کو اس مرض سے بچنے کے لیے کیا کرنا چاہئے؟
پہلی بات، تو یہ یاد رکھیں کہ قد کا کینسر کے خطرے پر بہت کم اثر ہوتا ہے، دوسری بات یہ ہے کہ کینسر کے خطرے کو کم کرنے کے لیے ان باتوں پر عمل کریں۔
متوازن اور صحت مند غذا کھائیں، باقاعدگی سے ورزش کریں، صحت مند وزن برقرار رکھیں، سورج کی روشنی میں براہ راست جانے سے گریز کریں اور سب سے اہم سگریٹ نوشی نہ کریں۔
اگر ان تمام باتوں پر عمل کیا جائے تو آپ کینسر کے خطرے کو بہت کم کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News