سائنسدان ایک عرصے سے جلد کو ٹرانسپیرنٹ بنانے کے لیے مختلف تجر بات کر رہے تھے۔ تاہم اب ایک عام کھانے کے رنگ سے انہوں نے یہ حیرت انگیز کارنامہ انجام دیاہے۔
ایک غیر معمولی تحقیق میں سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے ایک عام کھانے کے رنگ کا استعمال کرتے ہوئے جاندار ٹشوز کو شفاف بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس تحقیق کے نتائج طب کے میدان میں کئی نئی ایجادات کا سبب بن سکتے ہیں، جیسے کہ پٹھوں کی چوٹوں کا علاج یا کینسر کی نشاندہی۔
تحقیق کے مطابق نرم ٹشوز جیسے کہ جلد کو عارضی اور محفوظ طور پر شفاف کیسے بنایا جا سکتا ہے، جو کبھی سائنس فکشن میں دیکھا جاتا تھا۔
تحقیق کاروں نے یہ کیسے کیا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ عام طور پر روشنی اشیاء سے ٹکرا کر بکھر جاتی ہے، جس کی وجہ سے ہم ان کے پار نہیں دیکھ سکتے۔ اس کو مسئلے کے حل کے لیے، محققین نے ایک ایسی ٹیکنالوجی تیار کی جس سے مختلف نرم ٹشوز کے ریفریکٹیو انڈیکس کو ہم آہنگ کیا جا سکے، تاکہ روشنی ان میں سے بغیر رکاوٹ گزر سکے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے ٹارٹرازین نامی کھانے کے رنگ کا استعمال کیا، جسے FD & C Yellow 5 بھی کہا جاتا ہے۔ اس رنگ کے مالیکیولز خاص طور پر ریفریکٹیو انڈیکس کو ہم آہنگ کرنے میں مفید ثابت ہوئے۔
محققین نے پہلے چکن کے گوشت کو اس رنگ میں رنگا اور پایا کہ جیسے جیسے ٹارٹرازین کی مقدار پٹھوں کے خلیات میں بڑھائی گئی، اس سے ریفریکٹیو انڈیکس بھی بڑھتا گیا۔ جب یہ انڈیکس چکن کے پٹھوں کے پروٹینز کے انڈیکس سے ہم آہنگ ہو گئے، تو چکن بالکل شفاف ہو گیا۔
مستقبل میں یہ ٹیکنالوجی خون نکالنے کے لیے رگوں کو مزید نمایاں کر سکتی ہے، لیزر کے ذریعے ٹیٹو ہٹانے کے عمل کو آسان بنا سکتی ہے، یا کینسر کی جلد تشخیص اور علاج میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
محققین نے چکن کے بعد اسے زندہ چوہوں کے سروں پر آزمایا، ٹارٹرازین سے رنگے گئے سروں نے چوہوں کے دماغوں میں خون کی نالیاں ظاہر ہونے لگیں، ای طرح جب اس محلول کو چوہوں کے پیٹوں پر لگایا گیا تو ان کے دل کی دھڑکن اور سانس لینے کی حرکات ظاہر ہوئیں۔
یہاں یہ بات یاد رکھنا ضروری ہے کہ اس تحقیق کو صرف جانوروں پر آزمایا گیا ہے، اور اس کا انسانوں پر کوئی تجربہ نہیں ہوا۔ اگرچہ یہ طریقہ غیر جارحانہ ہے اور جلد دوبارہ اپنی اصل حالت پر آجاتی ہے، لیکن آپ اس کو گھر میں آزمانے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News