ہم میں سے اکثر کے لیے موسم سرما سب سے ظالمانہ موسم ہے۔ ایک کاٹتی ہوئی سردی ہوا میں بس جاتی ہے اور دن سے ہم آہنگ ہوکر اسے بے لطف اور بے رنگ کردیتی ہے۔ ایک بے حسی سی لیے ہوئے خوف ہمارے دلوں میں بس جاتا ہے اور ہم میں سے بہت سے لوگ اس آرام پسند شخص میں ڈھل جانے کی خواہش سے نبردآزما ہوجاتے ہیں جو بیرونی زندگی کی سنسنی خیز پر اپنے گھر میں گرم کمبل میں لیٹے رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس کے باوجود، سردیوں کے قریب آنے پر اپنی زندگی کی مصروفیات ترک کرکے کسی ریچھ کے مانند لمبی سرمائی نیند لینے کی ’عیاشی‘ بھی کسی کسی کو میسر آپاتی ہے۔ لوگوں کی ایک بڑی اکثریت اکثر گرم لباس زیب تن کیے سردی سے نبردآزما نظر آتی ہے۔ دونوں صورتوں میں، ایک اداس موسم سرما کا دن ہمارے ارادے کو کمزور کرنے اور ہمییں تکالیف کے بھنور میں گہرائی تک دھکیلنے کی جداگانہ صلاحیت رکھتا ہے۔
شناسائی واحد علاج ہے جو سردیوں میں انتہائی ضروری گرمی فراہم کر سکتی ہے۔ اور ہماری بے حس روحوں کو توانا کرنے کے لیے موسیقی سے بہتر کوئی علاج نہیں ہے۔ اس مقولے کی روح پر عمل کرتے ہوئے BOLD آپ کے لیے ان گیتوں کی ایک فہرست پیش کررہا ہے جس میں سردیوں کی ٹھنڈک بھی ہے اور پرانی یادوں کی گرمائش بھی۔
چل دیے – زیب اور ہانیہ
زیب بنگش اور ہانیہ کے سدابہار گیت ’’ چل دیے‘‘ کو نظرانداز کردینا مشکل ہے۔ برسوں پہلے، کوہاٹ سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت گلوکاروں کی جوڑی نے اپنے متنوع انداز کے لیے خوب داد پائی تھی۔ ’’چل دیے‘‘ ایک لطیف پیشکش ہے جس کے بول حسین اردو شاعری سے مزین ہیں اور اس گیت کی دھن بہت پرسکون ہے جو ہمیں سحر زدہ کردیتی ہے۔ اس موسم سرما میں، ’’ چل دی‘‘ ایک مضبوط انداز میں یہ یاد دلاتا ہے کہ امید کوئی نایاب شے نہیں، اگرچہ حالات نامواق ہی کیوں نہ ہوں۔
ونٹر ٹائم – نورا جونز
نورا جونز کا بے مثال ہنر اس پُرسکون نعرے میں زندہ ہوتا ہے جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہماری تنہائی کوئی ایسی حالت نہیں ہے جس سے ہم خوف محسوس کریں۔ گیت کے بول سادہ اور تازگی بھرے ہیں اور ہمارے دلوں اور روحوں سے کلام کرتے ہیں، میں تنہا ہوں، جیسے بولوں کو جونز بے ساختہ، سریلی آواز میں گاتی ہیں، ’’لیکن میں ٹھیک محسوس کرتی ہوں/گرمیوں اور خزاں میں؛ بہار میں/جب گھر میں اندھیرا ہوتا ہے/ جو مجھے بالکل پریشان نہیں کرتا‘‘۔ موسم سرما سرد مہینوں کو گزارنے کے لیے ذہنی رو کو بھٹکانے والی ایسی یادیں تلاش کرنے سے متعلق ہے جو خوش گواری کا احساس لیے ہوئے ہوں۔ جونز کا Winter time یقینی طور پر مایوس کن موسم سرما سے خوشگوار سردیوں کی جانب تبدیلی کے لمحات فراہم کرے گا۔
منوا رے – نوری
کیا ہم واقعی نوری کے ’’منوا رے‘‘ کو بھول سکتے ہیں؟ 90ء کی دہائی کے بچوں ) جو یقیناً اب جوان ہوچکے ہوں گے(کی ایک بڑی تعداد اس حقیقت کی تصدیق کر سکتی ہے کہ یہ گانا اب بھی ان کے کانوں میں گونجتا ہے۔ بہت سے لوگوں کے لیے، ’’ منوا رے ‘‘ کا محض ذکر ہی انہیں 2000 ء کی دہائی کے ان دنوں میں واپس لے جاتا ہے جب وہ لانگ ڈرائیوز اور دوستوں کے ساتھ آرام دہ اور پرسکون ملاقاتوں کے دوران یہ گیت سنا کرتے تھے۔ پرانی یادیں کسی بھی صورت حال میں بہترین تریاق ثابت ہوتی ہیں۔ اس موسم سرما میں، ایک ناقابل فراموش ماضی کی خوشگوار یادوں کو دوبارہ تازہ کرنے کے ارادے سے ’’ منوا رے ‘‘کو سنیں۔ گیت کے ساتھ ساتھ گنگنانے یا بول دہرانے کوئی تکلیف دہ نہیں ہوگا۔ درحقیقت، یہ ہر طرح کے دباؤ اور تناؤ سے نجات دینے والا گیت ہوسکتاہے جس کی آپ کو ہمیشہ ضرورت رہی ہو۔
فار ایور ونٹر – ٹیلر سوئفٹ
ایک ایسی فہرست میں ٹیلر سوئفٹ کے فار ایور ونٹر جیسے گانے کو شامل کرنا کچھ عجیب لگتا ہے جو سردیوں کی کٹھنائی اور اداسی کے درمیان امید پرستی کو فروغ دینے کی کوشش کرتا ہے۔ ا س گیت کی دھن اور سر اونچے ہیں مگر اس کے بول خوف کا تاثر لیے ہوئے ہیں جو ڈپریشن سے لڑنے کے ڈر اور پیچیدگیوں کی طرف توجہ مبذول کراتے ہیں۔ اس گانے کو فہرست میں شامل کرنے کا مقصد سامعین کو صدمے اور پریشانی کے لامتناہی چکر کی طرف راغب کرنا نہیں ہے، بلکہ ان کے درد کا علاج تلاش کرنے میں ان کی مدد کرنا ہے۔ یوٹیوب پر گانے کی ویڈیو کے نیچے کیے گئے ایک تبصرے کے مطابق، فار ایور ونٹر’’جب آپ رو رہے ہوں تو رومال‘‘ کے مترادف ہے۔ گانا ایک تکلیف دہ گھڑی میں تزکیہ جذبات یا کتھارسس کا موقع فراہم کرتا ہے۔
میرا بچھڑا یار – اسٹرنگز
فہرست سے اسٹرنگز کو خارج کرنا موسیقی کی توہین کرنے کے مترادف ہوگا۔ ’’ میرا بچھڑا یار‘‘ سادہ زمانے کی یادوں کو ابھارتا ہے جب موسیقی ایک آئینے میں بدل کر ہمارے گہرے جذبات اور عدم تحفظ کی عکاسی کرسکتی تھی۔ روح کے تاروں کو چھیڑ دینے والی ان دھنوں کا محور ہمیں ہمارے مصائب سے باہر نکالنا اور ہمیں یاد دلانا تھا کہ موسیقی وہ دوست ہے جسے ہم کبھی نہیں کھو سکتے۔ اپنی لازوال پسندیدگی کے ساتھ، ’’میرا بچھڑا یار ‘‘ اس موسم سرما میں سننے والوں کے درد کا درماں ہوگا۔
سمر می ، ونٹر می- فرینک سناترا
یادوں کی جانب محو سفر ہونا ضرر رساں نہیں ہوسکتا ، خاص طور پر جب بات موسیقی کی ہو۔ یہاں تک کہ اگر کوئی گیت ہمیں ماضی بعید میں لے جاتا ہے، تو ہم کچھ نہ کچھ ایسا ضرور پا لیں گے جس سے ہمارا حوصلہ بلند ہو۔ فرینک سناترا کے ’’سمر می، ونٹر می ‘‘ یکجہتی کے جوہر سے پروان چڑھتا ہے اور اس بات کے خوش آئند ثبوت کے طور پر عمل کرتا ہے کہ موسم ہمیں اپنے پیاروں سے دور نہیں کر سکتے۔
ونٹر ونڈر لینڈ – رے چارلس
موسم سرما کرسمس کا مترادف ہے اور تعطیلات کے جذبے سے بچ پانا مشکل ہے جو ہر دسمبر میں ایک وبا کی طرح پھیل جاتا ہے۔ رے چارلس کا گیت ’’ ونٹر ونڈر لینڈ‘‘ کرسمس کی تبدیلی کی طاقت کا ایک نشان ہے۔ ہم میں سے ان لوگوں کے لیے جو اس چھٹی کو مناتے ہیں، یہ گانا ہمارے چاروں طرف پھیلی بے بہا خوشی کی یاد دہانی ہے۔ ہم میں سے ان لوگوں کے لیے جو کرسمس نہیں مناتے ’’ ونٹر ونڈر لینڈ‘‘ ایک پرجوش یاد دہانی ہے کہ تاریک شب کے بعدہمیشہ سویرا ہوتا ہے۔
اعتبار ۔ وائٹل سائن
نغموں کی اس فہرست کا مقصد ان لوگوں کے دلوں میں امید پیدا کرنے کی کوشش ہے جو موسم سرما کو تھکا دینے والا سمجھتے ہیں۔ وائٹل سائن کے ’’ اعتبار‘‘ کے بغیر، یہ فہرست نامکمل ہو گی۔ یا، شاید، کسی حد تک خام اور کمزور ہوگی۔ ماضی سے لگاؤ وہ عمل انگیز ہے جو ہم 90ء کی دہائی کے بچوں کو اس گیت کی جانب راغب کرتا ہے کیونکہ یہ نغمہ ہمارے تاریک ترین لمحات میں ہمارا حوصلہ بڑھاتا ہے۔ یہاں تک کہ نوجوانوں کو بھی اس کے بولوں میں اپنے مسائل کا تریاق مل سکتا ہے۔ انہیں بس موسیقی کی شفا بخش خصوصیات پر یقین کرنے کی ضرورت ہے۔
آپ کی یاد
احمد جہانزیب
احساس زیاں احمد جہانزیب کے اس مقبول گیت ’’ آپ کی یاد ‘‘ کا مرکزی خیال ہے۔ جیسے جیسے موسم سرما قریب آتا ہے، ہم میں سے بہت سے لوگوں کے ذہنوں میں اس سے جڑی یادیں ۔ اچھی اور بری ۔ تازہ ہونے لگتی ہیں۔ یہ یادیں نئی فکروں کو بھی جنم دے سکتی ہیں۔ ہم میں سے اکثر کے لیے، ’’ آپ کی یاد ‘‘ کے اداس بولوں کو سننا ہمیں اپنی فکروں کو تسلیم کرلینے اور ایک نئے جوش کے ساتھ ان کا مقابلہ کرنے کے قابل بناسکتا ہے۔
ونٹر تھنگس – آریانا گرانڈے
خیالی دنیا آریانا گرانڈے کے ’’ونٹر تھنگز‘‘ کا ایک کلیدی جزو ہے۔ عام طور پر مغربی میڈیا میں موسم سرما کو ایک تہوار کے جوش کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ برف کے گالے ، کرسمس کے درخت اور سانتا کلاز کے تحائف موسم سرما سے متعلق بنائی گئی فلموں کا مرکز ہوتے ہیں۔ یہ گانا باریک بینی کے ساتھ اس طرح کی کوتاہ بیں عکاسیوں کو چیلنج کرتا ہے اور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ موسم سرما وہی ہے جیسا ہم اسے سمجھتے ہیں۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News