اپنی جان کی حفاظت آپ کا حق ہے یہی حق عام عوام کا بھی ہے


شبین رضاویب ایڈیٹر

26th November, 2020
شہباز گِل
Square ad 300 x 250

معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ بلاول نے خود کو کورونا کی وجہ سے قرنطینہ کرلیا، اپنی جان کی حفاظت آپ کا حق ہے یہی حق عام عوام کا بھی ہے۔

واضح رہےکہ دوسری جانب معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے بھی کہاکہ کورونا نہ اپوزیشن کو دیکھ رہا ہے نہ حکومت کو، یہ واحد وبا ہے جو یکساں سب پر لاگو ہے، قانون کا سب پر یکساں اطلاق ہو نہ ہو لیکن وبا نے کسی میں تفریق نہیں کی، دل پشوری کرنے کے بڑے مواقع آئیں گے پھر جلسے کرلیں، جلسے میں صرف قانون کی حکمرانی ہوگی، سٹیج پر کھڑے ہو کر بھڑکیں مارنے والے ریاست کی رِٹ چیلنج نہ کریں۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سماجی را بطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پرکہا کہ اللہ تعالیٰ بلاول کو شفائے کاملہ عطا فرمائے، بلاول سمیت تمام کورونا مریضوں کیلئے دعاگو ہیں

انہوں نے کہا کہ کورونا سے محفوظ رہنے کیلئےاحتیاط لازم ہے، کورونا لیڈرز اورعوام میں کوئی تفریق نہیں کرتا، اپوزیشن لیڈرز ایک دوسرے کی صحت اور عوام کا خیال کریں۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔