ملتان کا جلسہ معمول کےمطابق ہوگا،رانا ثنا


شبین رضاویب ایڈیٹر

24th November, 2020
Square ad 300 x 250

مسلم لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملتان کا جلسہ معمول کےمطابق ہوگا، ن لیگ بھرپور انداز میں جلسے میں شرکت کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ  پی ڈی ایم کےملتان میں جلسےکیلئے ن لیگ نےالتوا کی بات کی ہے نہ کرے گی۔

سابق وزیر برائے قانون نے کہا ہے کہ جلسےسےقبل تدفین کا عمل مکمل ہوچکا ہوگا، مریم نواز جلسے میں نہ بھی آئیں تب بھی ن لیگ جلسے میں شرکت کرے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن اور پی ڈی ایم نے تحریک چلانے کی اجازت حکومت سے نہیں لی، ہم نے صرف سیکیورٹی کے لیے حکومت کو بتا یا ہےکہ سیکیورٹی حکومت کی ذمے داری ہے۔

واضح رہےکہ نواز شریف العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں اشتہاری ہونگے یا نہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ سے آج فیصلہ متوقع ہے۔

عدالت نے نواز شریف کو آج تک پیشی کا آخری موقع دے رکھا ہے۔

نواز شریف کی بریت کے خلاف نیب کی اپیل پر سماعت بھی آج ہی ہو گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ نوازشریف کی  طلبی کا اشتہار ہائی کمیشن کے ذریعے برطانیہ بھیجا جائے۔

نواز شریف نے العزیریہ ریفرنس میں عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے سرنڈر کرنے کے حکم پر نظرثانی کی درخواست دائر کی ہے۔ سابق وزیراعظم نے مؤقف اپنایا ہے کہ عدالت پیشی کا حکم ختم کرکے نمائندے کے ذریعے اپیل میں پیش ہونے کا موقع دے۔

العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کو سات سال قید، دس سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے پر فائز ہونے پر پابندی، ان کے نام تمام جائیداد ضبط کرنے اور تقریباً پونے چار ارب روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔

نوازشریف نے اپنی سزا معطلی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی تھی اور یہ استدعا کی کہ اپیل پر فیصلہ ہونے تک طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا کیا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں وزیر اعظم نوازشریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے ان کی سزا آٹھ ہفتوں کے لیے معطل کی تھی۔