عید کے بعد تمام شہریوں کی ویکسینیشن کیلئے رجسٹریشن شروع کردی جائے گی، اسد عمر


تنویر علی

09th April, 2021
Square ad 300 x 250

وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ عید کے بعد تمام شہریوں کی ویکسینیشن کیلئے رجسٹریشن شروع کردی جائے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کا عمل مرحلہ وار شرو ع کیا گيا ہے، 50 سال کے شہریوں کی ویکسینیشن کا عمل چند روز میں شروع ہوجائے گا جبکہ عید کے بعد تمام شہریوں کی ویکسینیشن کیلئے رجسٹریشن شروع کردی جائے گی، غیر ملکیوں کیلئے بھی نادرا کے پورٹل پر ویکسینیشن کی رجسٹریشن کا آغاز  ہوگیا ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اساتذہ، بچے اور اسکولوں کے عملے کی صحت اولین ترجیح ہے، تعلیمی اداروں کی بندش سے کورونا کے پھیلاؤ میں کمی آئی ہے، پاکستان میں 5 کروڑ سے زائد بچے تعلیمی اداروں میں جاتے ہیں جبکہ تعلیمی ادارے کورونا کے پھیلاؤ کا سب سے بڑا سبب بنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں جلد اسپنٹک کی فراہمی کا معاملہ حل ہوجائے گا، اسپنٹک کے لیے روسی وزیرخارجہ سے بات چیت ہوئی ہے۔