وزیر خارجہ پاکستان مخدوم شاہ محمود قریشی رومانیہ کا دورہ مکمل کرتے ہی اگلے مرحلے کے لیے اسپین روانہ ہو گئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی 9 سے 10 جنوری 2022 تک رومانیہ کا دورہ مکمل کر کے اگلے مرحلے کے لیے اسپین روانہ ہو گئے ہیں۔
بخارسٹ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال اور رومانیہ کی وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔
وزیر خارجہ نے رومانیہ کے دورے کے دوران رومانیہ کے وزیر اعظم مسٹر نکولائی چیوکا، رومانیہ کے وزیر خارجہ بوگدان اوریسکو اور رومانیہ کے وزیر برائے اقتصادیات فلورین اسپاتارو سے ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ روابط کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور ان حالیہ ملاقاتوں کو پاکستان اور رومانیہ کے مابین ایک نئے دور کے آغاز سے تعبیر کیا۔
اس موقع پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) اور رومانیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (RCCI) کے درمیان تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
وزیر خارجہ کےدورہ رومانیہ کے دوران پولیٹینیکا یونیورسٹی آف بخارسٹ کے ساتھ پاکستانی طلباء کو مستقل بنیادوں پر اسکالرشپ دینے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
رومانیہ کی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران شاہ محمود قریشی نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بالخصوص IIOJK میں صورتحال کی سنگینی اور افغانستان کے تناظر میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔
اس سے قبل 9 جنوری 2022 کو اپنی آمد کے بعد، وزیر خارجہ نے پاکستان کے سفارت خانے میں ‘پاکستان ثقافتی اور تجارتی نمائشی مرکز’ کا افتتاح کیا جو کہ پاکستانی برآمدی اشیاء کی مستقل نمائش اور سیاحت کو فروغ دینے اور ملک کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کے لیے ثقافتی تقریبات کے انعقاد کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے رومانیہ میں پاکستانی سفارتخانے کے دورے کے دوران رومانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کیا اور حکومت کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
وزیر خارجہ نے رومانیہ کے ایم ای پیز، اراکین پارلیمنٹ، تھنک ٹینک کے رہنماؤں اور رائے سازوں، یونیورسٹیوں کے ریکٹرز/ڈینز اور چیمبرز/ سے متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔
وزیر خارجہ کے دورے کے موقع پر رومانیہ نے پاکستانی عوام کے لیے پانچ لاکھ کورونا ویکسین کے تحفے کا اعلان بھی کیا۔
توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا دورہ رومانیہ آئندہ آنے والے وقتوں میں دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں انتہائی معاون ثابت ہو گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News