سابق وزیر خارجہ و پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے ڈالر کو مصنوعی طور پر سستا کر کے حقائق کو چھپایا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے این اے 157 میں انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اپنے اقتدار کو دوام دینے کیلئے اسحاق ڈار کو لانا چاہتے ہیں، ڈار پہلے ہی کرپشن میں ملوث ہیں، ان میں ملکی معیشت سنوارنے کی اہلیت ہوتی تو وہ بیرون ملک فرار کیوں ہوتے؟
ان کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کی کارکردگی قوم کے سامنے عیاں ہو چکی ہے، ملکی معیشت کا جو بیڑا غرق ہو چکا ہے اس کے ذمہ دار اسحاق ڈار اور پی ڈی ایم کی حکومت ہے، اسحاق ڈار نے ڈالر کو مصنوعی طور پر سستا کر کے حقائق کو چھپایا، حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ قوم آج بھگت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیاں عملاً ناکام ہو چکی ہیں، پوری دنیا میں پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے، پاکستان میں روز بروز پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کیا جا رہا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مہنگائی دن بدن بڑھتی جارہی ہے، 16 اکتوبر کو عوام اپنے ووٹ کی پرچی کے ذریعے پی ڈی ایم کو مسترد کریں گے۔
شاہ محمود نے کہا کہ ملکی مسائل اور بحرانوں کا حل صرف اور صرف عام اتنخابات ہیں، امپورٹڈ حکمرانوں کو گھر جانا ہو گا، سندھ میں پانی اترنے کے بعد میں اور عمران خان دورہ کریں گے، سندھ میں گزشتہ 14 سالوں سے پیپلز پارٹی کی حکمرانی ہے، پی پی قیادت کی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے سندھ کے عوام نہایت مایوس ہیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پنجاب، کے پی کے، آزاد کشمیر اور گلگت کی عوام نے اپنی حکومتوں کو مسترد کر کے تحریک انصاف پر اعتماد کیا، اب وقت آگیا ہے سندھ اور بلوچستان کی عوام کو فیصلہ کرنا ہو گا، وہ کرپٹ لوگوں کو مسترد کریں، سندھ اور بلوچستان کی عوام بھی متبادل قیادت کے منتظر ہیں، شفاف انتخابات ہماری منزل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران الیکشن کروانے سے کترار اور راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، ہم نے اسمبلی کے اندار بھی ان سے مقابلہ کیا، اسمبلی سے باہر چوکوں پر کھڑے ہو کر بھی ان کا مقابلہ کیا، تحریک انصاف ایک ملک گیر سیاسی جماعت ہے، تحریک انصاف جمہوری انداز میں اور جمہوری طریقے سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ہم پی ڈی ایم کا ہر میدان میں مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی کی حکومت کی 5 ماہ کی کارکردگی نے اپنا آئینہ دکھا دیا ہے، قوم ان کی اصلیت جان چکی ہے، قوم کے سامنے ان کا اصلی چہرہ عیاں ہو چکا ہے، اب قوم ان لٹیروں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے تیار ہے۔
شاہ محمود نے کہا کہ عوام نے انہیں حالیہ پنجاب اور کراچی کے ضمنی انتخابات میں مسترد کیا، 16 اکتوبر کے ضمنی انتخاب اپنے ووٹ کے ذریعے مہنگائی، بجلی بلوں کا غصہ بلے پر ٹھپہ لگا کر نکالیں گے، این اے 157 کی عوام نے اپنا ذہن بنا لیا ہے، 16 اکتوبر کو پی ڈی ایم کو مسترد کر کے تحریک انصاف کے امیدوار کو کامیاب کر کے پی ڈی ایم کی حکومت کو تحفہ دیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News