آئی جی سندھ
کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ پولیس کو دور حاضر کے تقاضوں سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
غلام نبی میمن نے آئیڈیاز نمائش میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ایک ٹیکنیکل کمیٹی بنی ہے جس کی ذمہ داری ہے کہ نمائش میں رکھے گئے بہترین ہتھیاروں کا انتخاب کرے، بہت سی ایسی چیزیں ہیں جو سمجھتے ہیں کہ ہمیں خریدنی چاہئیں۔
‘ایس ایس یو ہماری قابل فخر فورس ہے’
انہوں نے کہا کہ پولیس کو دور حاضر کے تقاضوں سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جن ہتھیاروں کی ہمیں ضرورت ہے ان کی لسٹ مرتب کر رہے ہیں۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ ایس ایس یو ہماری قابل فخر فورس ہے، ایس ایس یو اسٹال لگا ہونا خوش آئند ہے، پہلی بار ہمارا اسٹال لگانے کا مقصد یہ کہ ہم بتائیں کہ ہم کیا سروسز دے رہے ہیں۔
‘پولیس ٹیکنالوجی کا استعمال کررہی ہے’
غلام نبی میمن نے کہا کہ عوام پولیس کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے تو احساس تحفظ پروان چڑھتا ہے، عوام میں یہ آگاہی جانی چاہیئے پولیس ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہی ہے اور جدت کی جانب گامزن ہے۔
آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ آئیڈیاز کا ایونٹ پہلے بھی ہوچکا ہے، ہم سیکیورٹی کے فرائض ہر ایونٹ پر انجام دیتے رہے ہیں، یہ ایک قومی سطح کی سرگرمی ہے جسے ہم اپنا فرض سمجھ کر انجام دیتے ہیں۔
دفاعی نمائش کا دوسرا روز
واضح رہے کہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز کے گیارہویں ایڈیشن کے دوسرے روز بڑی تعداد میں ملکی وغیر ملکی شخصیات کی ایکسپو سینٹر آمد جاری ہے۔
گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آئیڈیاز 2022 کا افتتاح کیا، نمائش 15 سے 18 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گی جبکہ کراچی میں جاری دفاعی نمائش کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی۔
نمائش میں وزیر اعظم شہباز شریف کورونا کے باعث تقریب میں شریک نہ ہوسکے تاہم انہوں اپنے پیغام میں آئیڈیاز 2022کو پاکستان کے دفاعی شعبہ اور اسلحہ سازی کی صنعت کے لئے مثبت عمل اور خوش آئند اقدام قرار دیا ۔
اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھاکہ پاکستان کا دفاع انتہائی مضبوط ہاتھوں میں ہے، پاکستان دفاعی ساز و سامان میں انتہائی جدت لایا ہے۔
دفاعی نمائش کے پہلے روز ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص نے جدید ڈرون،بکتر بند گاڑیوں سمیت دیگر دفاعی اسلحہ کے اسٹالز کا دورہ کیا اور اسلحہ کا معائنہ کیا۔
اسٹالز پر موجود عملے نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص کو بریفنگ دی، دفاعی نمائش کے دوران ایکسپو سینٹر کے اطراف سیکورٹی پلان کے مطابق 500 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے روٹ پلان تشکیل دیا گیا ہے جس میں وی وی آئی پی موومنٹ کے باعث ایکسپو سینٹر کے اطراف کی سڑکوں کو عام ٹریفک کے لئے بند کرکے یہاں کے ٹریفک کا رخ متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
