
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے کراچی میں عمران خان سے یکجہتی کیلئے آج پھر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتجاج نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر شام 5 بجے کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے کارکنان اور عوام سے شرکت کی درخواست کی ہے۔
بلال غفار نے کہا کہ 3 روز گزر گئے عمران خان پر حملہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی نہیں ہوئی، ن لیگی رائے قمر نے بھی عمران خان کو گولی مارنے کی دھمکی دی۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات سے بھاگنے والوں کو آسانی سے بھاگنے نہیں دیں گے، کراچی والے آج شام گھروں سے اپنے لیڈر سے یکجہتی کیلئے نکلیں، یہ وقت عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہنے کا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کے خلاف کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 10 مقامات پر دھرنا اور احتجاج کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں کیخلاف مقدمات درج
دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف کی کال پر عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس میں بڑی تعداد میں پارٹی رہنماؤں سمیت عوام اور کارکنان شامل تھے۔
احتجاج کے دوران مختلف شہروں سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے جبکہ ان کے خلاف مقدمات بھی درج کرلئے گئے۔
اسلام آباد پولیس کی مدعیت میں 24 نامزد ملزمان کے خلاف تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج کر لیا گیا جس میں علی احمد اعوان ، عامر محمود کیانی ، واصف قیوم سمیت چودھری شعیب کے نام شامل ہیں۔
درج مقدمات کے مطابق ملزمان نے پولیس کے ساتھ مزاحمت کی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، ملزمان نے پولیس اور ایف سی اہلکاروں پر ڈنڈوں سوٹوں پتھروں سے حملہ کیا جس میں نو ایف سی پانچ پولیس ملازمین زخمی ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News