وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کیلئے جنوری میں تین لاکھ کی پہلی قسط دینے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج سیہون اور دادو اضلاع کے سیلاب متاثرہ علائقوں کا ایک روزہ دورہ کیا اور سیلاب متاثرین کے درمیان انہیں گھروں کی تعمیر کیلئے جنوری کے پہلے ہفتہ میں تین لاکھ قسط اور کاشتکاروں کو بیج کیلئے پانچ ہزار فی ایکڑ دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے دورے کی شروعات بنگل بزدار ولیج سے کی جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور بارشوں کے باعث تباہ شدہ مکانات کا معائنہ بھی کیا۔
اس موقع پر سیلاب متاثرین نے وزیراعلیٰ سندھ کو دیکھ کر انکا پرتپاک استقبال کیا تو وزیراعلیٰ نے انہیں مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ خود مشکلات سے دوچار ہیں میرے استقبال کرنے زحمت نہ اٹھائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرین کے تسلی سے تمام مسائل سنے اور انہیں حوصلہ بھی دیا۔
مراد علی شاہ نے خطاب میں کہا کہ حالیہ بارشوں سے سیہون میں 57 لوگ اپنی زندگی گنوا بیٹھے ہیں جبکہ ہم نے سیلاب متاثرین کو ریسکیو کیا، ان تک خیمے اور راشن کی ترسیل کو یقینی بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جو کچھ بھی کیا ہے وہ کم ہے لیکن ہمارا وعدہ ہے کہ سیلاب متاثرین کو گھر ضرور بنا کر دینگے اور گھروں کا سروے تقریباً مکمل ہو چکا ہے، تقریباً تین لاکھ گھر بنانے کا ٹارگیٹ ہے جوکہ میں سمجھتا ہوں کہ کافی نہیں ہوں گے لیکن گھر کو مکمل بنانے کیلئے آپ کو خود محنت و مزدوری کرنی پڑے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرین کو گھر بنانے کیلئے جنوری کے پہلے ہفتے میں پہلی قسط دینے کا عندیہ دیتے ہوئے انہیں (کاشتکاروں) کو 5 ہزار روپے فی ایکڑ بیج کیلئے دینے کی خوشخبری بھی بتائی جسکا سروے مکمل ہوچکا ہے جبکہ وہ پیسے بھی دینا شروع کر رہے ہیں۔
انھوں نے متاثرین کو کہا کہ میں آپ کے صبر کی داد دیتا ہوں کہ اس مشکل گھڑی صبر سے کام لیا ہے۔
مراد علی شاہ نے انہیں یقین دلایا کہ میں آپ کے گھروں کی تعمیر اور زمینوں کا کام خود دیکھوں گا اور تمام مسائل حل کریں گے۔
اس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ وہاں سے ہوکر بوبک پہنچے اور منچھر بند پر قائم دیہاتوں کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں موجود سیلاب متاثرین سے ملاقات کی، مسائل سنے اور انہیں بحالی کے کام سے متعلق ہر ممکن یقین دہانی بھی کرائی۔
اس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ دوست محمد روڈانی کے 2014 میں افتتاح کئے گئے گورنمنٹ پرائمری اسکول کی خستہ حال عمارت کا معائنہ کیا اور وہاں خیمے میں موجود متاثرین سے ملاقات کی اور راشن اور میڈیکل کی سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا جس پر لوگوں نے پانی کی وجہ سے مچھروں کی بھرمار کی شکایت کر ڈالی اور وزیراعلیٰ نے موقع پر ہی متعلقہ انتظامیہ کو مچھر بند میں قائم تمام خیمہ بستی اور آسپاس کے دیہاتوں میں مچھر مار اسپرے کرانے کی ہدایت کی۔
:مراد علی شاہ کی میڈیا سے گفتگو
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال بارشوں اور سیلاب کے باعث صوبے کی تاریخ کا بدترین سال رہا جبکہ یہ علاقہ نیچے ہونے کے باعث پانی بلوچستان سے آیا۔
انھوں نے کہا کہ ہم روز اول سے لوگوں کے ساتھ ہیں تاکہ اُن کے مسائل کم کر سکیں اور اب لوگوں کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو بیج کی فراہمی کے ساتھ ہم لوگوں کو گھر بنانے کیلئے بطور پہلی قسط تین لاکھ روپے دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے کے تمام علاقوں سے 80 فیصد پانی کی نکاسی ہوچکی ہے جبکہ دیگر علاقوں سے پانی کی نکاسی پمپنگ کی مدد سے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال ضرور ہے لیکن ملک ڈیفالٹ کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشی بدحالی کی ذمہ دار گذشتہ حکومت ہے اور ہم معیشت کی بحالی کیلئے جتن کررہے ہیں۔
:مراد علی شاہ کا یوسی بوبک کا دورہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی یو سی بوبک کے مخدوم ضمیر کے گھر پہنچے اور ان سے ملاقات کی جبکہ وہاں موجود سیلاب متاثرین سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ یہاں کے متاثرین نے اپنی زمینوں پر گندم اگا رہے ہیں اور اتنی تکالیف کے باوجود بھی ہمارے متاثرین کے حوصلے بلند ہیں۔
اس موقع پر سیلاب متاثرین سمیت مقامی افراد نے وزیراعلیٰ سندھ کو درخواستیں دیں جن پر انہوں نے اسی وقت ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔
:مراد علی شاہ کا یوسی جعفرآباد کا دورہ
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ یو سی جعفر آباد پہنچے جہاں وہ امیر بائی ایکس پنگر اور نگر خان بروہی کے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور انکا احوال بھی جانا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پورے دیہات کا دورہ کیا اور پانی کی جلد نکاسی کیلئے پمپنگ مشین لگانے کی ہدایت کی۔
:مراد علی شاہ کی حاجی گل محمد برہمانی سے تعزیت
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ علی آباد گوٹھ میں حاجی گل محمد برھمانی کے بھتیجے کے انتقال پر ان سے تعزیت کرنے پہنچے اور مرحوم کیلئے دعا مغفرت بھی کی۔
:مراد علی شاہ کا یوسی واہڑ کا دورہ
وزیراعلیٰ سندھ یو سی واہڑ کے گوٹھ آباد میں منور علی ملاح کے ہاں پہنچے، ان کے دیہاتیوں سے روبرو ملاقات کی اور مسائل سنے جس پر وزیراعلیٰ نے انہیں تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
:مراد علی شاہ کی منور میمن سے ملاقات
وزیراعلیٰ سندھ منور میمن سے اُنکی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے پہنچے جہاں وزیراعلیٰ سندھ کی آمد کا سن کر علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد پہنچی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وہاں کچھ دیگر لوگوں سے ملے جس پر دیہاتیوں نے وزیراعلیٰ کی آمد پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
