پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج عمران خان نے اپنی پارٹی کی سینئر لیڈر شپ کا اجلاس بلایا۔
شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان کے طول و عرض سے لوگ راولپنڈی آئے تھے جو عمران خان سے امید وابستہ کیے ہوئے تھے، عمران خان نے انہیں واضح پیغام دے کر واپس روانہ کیا اور وہ یہ کہ ملک کے مسائل کا واحد جمہوری اور آئینی حل عام انتخابات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ میں نے مخالفین کو سمجھانے کی بہت کوشش کی عارف علوی کے ذریعے پیغامات بھجوائے لیکن کوئی فائدہ نہ ہوا جس کے بعد میں نے مشاورت کے ساتھ اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ہمارے ممبران پہلے ہی اسمبلیوں سے باہر ہیں، لاہور میں دو اہم اجلاس ہوئے ایک پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اور دوسرا کے پی کے کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اس کے بعد انہوں نے ڈویژن کی سطح پر ممبران سے ملاقات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
شاہ محمود نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں کپتان نے ہمیں اعتماد میں لیا کہ اب میں نئے انتخابات کی رائے پر مذید مظبوط ہو چکا ہوں، پنجاب اور کے پی کے کی اسمبلیوں کی تحلیل چند روز میں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، پی ڈی ایم اگر اب بھی اپنے مفاد کو ترجیح دینا چاہتے ہیں تو جاری رکھیں، ہم چاہتے ہیں پنجاب اور کے پی کے میں رمضان سے پہلے پہلے الیکشن ہو جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب عمران خان مزید تاخیر نہیں چاہتے اسمبلیوں کی تحلیل میں، انہوں نے بگڑتی ہوئی معیشت پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ہم سب کی رائے ہے کہ حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ہے، حکمران تاجروں کسانوں سرمایا کاروں کا اعتماد کھو چکی ہے، ہم جہاں معیشت کو چھوڑ کر گئے تھے وہ نیچے گرتی جا رہی ہے، ہر نقطہ بتا رہا ہے کہ صورتحال خراب ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت بھی خراب ہو چکی ہے، ڈار صاحب اور مفتاح اسماعیل میں دوریاں سامنے آچکی ہیں، عدالتیں ارشد شریف کے قتل کا نوٹس لیں اور ان کے خاندان کو انصاف دیں، چیف جسٹس صاحب نے نوٹس لیا اور پانچ رکنی بینچ بنا دیا ہے، ان کے سامنے ایک رپورٹ بھی پیش ہو چکی ہے ارشد شریف کی والدہ انصاف کی طالب ہیں۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ انصاف ہونا چاہیے، انسانی حقوق کی پامالی کا کوئی جواز نہیں۔ اعظم سواتی، شہباز گل پر کس طرح کیسز بنائے گئے سب کے سامنے ہے، عمران خان پر حملہ ہوا وہ اپنی مدعیت میں مقدمہ درج نہیں کرا سکے، اس صورتحال پر سب کو مل کر سوچنا چاہیے اگر اعتماد کا فقدان بڑھتا گیا تو نقصان ہو گا، ہم کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہتے جس سے ملک کا نقصان ہو۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News