اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کے اتحاد کے بڑے حامی تھے، عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا۔
صدر مملکت نے ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر افراد کے سوگواران سے دلی تعزیت کا بھی اظہار کیا اور مسلم امہ کیلئے سابق صدر ابراہیم رئیسی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر فلسطینی اور کشمیری عوام سمیت عالمی سطح پر مسلمانوں کے درد کو دل سے محسوس کرتے ہیں، آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ پچھلے ماہ ہمیں پاکستان میں ان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا، ہماری گفتگو کے دوران، میں نے انہیں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم پایا، آغا رئیسی ہمیشہ پاکستان اور اسکے عوام کو خاص مقام دیتے۔
صدر رئیسی کا انتقال نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، صدر رئیسی کو علاقائی اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی کوششوں پر ایران، پاکستان اور عالم اسلام میں یاد رکھا جائے گا۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کی روح کو سکون عطا فرمائے، ناقابل تلافی نقصان کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور ایران کے عوام کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔
بلاول بھٹو زرداری
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر اور ان کے رفقاء کی المناک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور انکے رفقاء کے انتقال پر ایران کی عوام سے تعزیت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے اور اپنے ایرانی بہن بھائیون کے غم میں برابر کا شریک ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور شہریوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News