
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال، ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس بند
کراچی: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس بند ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ملک بھر میں ہڑتال جاری ہے، کئی شہروں میں کہیں پیٹرول پمپس کھلے تو کہیں بند ہیں، جہاں پیٹرول دستیاب ہے وہاں لوگوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں، نئے بحران پر شہری پریشان ہیں۔
ہڑتال کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں زیادہ تر پیٹرول پمپس بند ہیں جبکہ یونیورسٹی روڈ اور شارع فیصل پر چند پیٹرول پمپ کھلے ہیں۔
دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے ہڑتال کے باعث پشاور میں بھی پیٹرول پمپ بند ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو پٹرول کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہڑتال پیٹرول کی ہے لیکن کرائے پبلک ٹرانسپورٹ نے بڑھا دیے ہیں۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں چودہ ہزار ڈیلرز ہڑتال پر ہے، حکومت سے مطالبہ ہے ٹیکس واپس لیں۔
پیٹرول پمپس ہڑتال پر پی ایس او کا مؤقف
پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے ہڑتال پر پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے اپنے مؤقف میں کہا کہ پیٹرول پمپس پر فیول کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے، شہر بھر میں پی ایس او کی سپلاٸی چین بھرپور طور پر فعال ہے۔
پی ایس او نے کہا کہ بحیثیت قومی کمپنی پی ایس او ہر طرح کے حالات میں قوم کی خدمت کے لیے تیار ہے۔
صدر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال سے متعلق تصدیق
صدر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے کل کی ہڑتال سے متعلق تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کس نے کہا پیٹرول کی سپلائی جاری رہے گی؟ ہڑتال لازمی ہوگی۔
انکا کہنا تھا کہ ہم نے ہڑتال کا اعلان کردیا تو شک کی گنجائش نہیں، صبح 6 بجے سے تمام پیٹرول پمپس پر سپلائی بند ہوجائے گی۔ ہم میں کوئی دھڑا بندی نہیں، حکومت نے کوئی تنظیم کھڑی کردی تو اس کا علم نہیں۔
حکومت اور پیٹرولیم ڈویژن کے مذاکرات کہاں تک پہنچے؟
دھڑا بندیوں کے شکار ڈیلرزاور پیٹرولیم ڈویژن حکام کے درمیان مذاکرات تاحال کسی نتیجے تک نہیں پہنچے ہیں۔
پٹرولیم ڈویژن حکام کے ساتھ مذاکرات میں پیٹرولیم اورایف بی آر حکام کے ساتھ بات چیت ہوئی، اجلاس میں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبات پر غور کیا گیا۔
ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ اس حوالے سے ایک گروپ نے موقف اختیار کیا کہ مطالبات کی عدم منظوری کی صورت میں کل ہڑتال ہوگی۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ایک دن سے زائد ہڑتال کا بھی عندیہ دیا ہے، ہڑتال کتنے دن رہے گی، لائحہ عمل بعد میں طے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت سے ہر صورت ایڈوانس ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News