لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فیڈرل ری پبلک جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جرمنی میں پاکستانی سفارت خانے پر شر پسندوں پر جرمن حکام کے فوری ایکشن کو سراہا اور کہا کہ امید ہے جرمنی واقعہ میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچا یا جائے گا اورمستقبل میں ایسے واقعات نہیں ہوں گے۔
ملاقات کے دوران مریم نواز اور جرمنی سفیر کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور اقتصادی و ٹیکنیکل ایجوکیشن میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے جرمنی کی جانب سے پنجاب کے ترقیاتی شعبوں میں جاری تعاون اور سرمایہ کاری کو بھی سراہا جبکہ اس دوران قابل تجدید توانائی، پیشہ ورانہ تربیت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
الفریڈ گراناس نے پنجاب کے ساتھ باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔
اس کے علاوہ ملاقات میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول، جدت اور تکنیکی ترقی کو فروغ دینے میں باہمی تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا اور صحت، تعلیم و دیگر شعبوں میں ممکنہ شراکت داری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر پنجاب میں فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے پروگراموں کو بڑھانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جرمن سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو درکار سہولیات کی فراہمی میں بھرپور معاونت کا یقین دلایا۔
مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ایسی اسکلز سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں جو جاب مارکیٹ کے تقاضوں کو پورا کرتی ہیں، جرمنی قابل تجدید توانائی کے امور میں گلوبل لیڈر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی نے ماحول دوست اقدامات کر کے انسانیت کی خدمت کی ہے، پنجاب کے شہریوں کو کلین اینڈ گرین انرجی فراہم کرنے کے لیے سولرائزیشن منصوبہ شروع کیا ہے۔
واضح رہے کہ ملاقات میں سینیٹر پرویز رشید اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News