
معیشت کا برا حال؛ پیپلز پارٹی کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے معیشت کی بری حالت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو کمزور معاشی پالیسیوں کے معاملے پر ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا۔
پی پی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پی پی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے بجلی کے زیادہ بلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام سے کردہ وعدے پورے کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں ترقیاتی بجٹ میں کٹ لگانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ دیکھنا ہوگا کہ ترقیاتی بجٹ پر کٹ لگا کر سبسڈی کہاں استعمال کی جا رہی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک طرف ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ دوسری طرف امریکہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مہنگے اشتہارات لگائے جا رہے ہیں، پنجاب میں کون سا آئی ٹی انقلاب لایا جا رہا ہے جس کے اشتہارات نیویارک میں لگوائے جا رہے ہیں؟
پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران اجلاس معاشی صورتحال سے متعلق پارٹی اجلاس منعقد کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ پارٹی مشاورت سے آئندہ فیصلے کیے جائیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پیپلز پارٹی کے ارکان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی صنعت بیٹھ گئی ملک کیسے ترقی کرے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News