لاہور: نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کے اجلاس میں عوام کو مہنگائی اور خاص طور پر بجلی کے مہنگے بلوں میں ریلیف دینے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے اجلاس کی صدارت کی۔
پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں منعقدہ اجلاس میں وزیراعظم محمد شہبازشریف بھی شریک ہوئے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف اور دیگر پارٹی رہنما اور عہدیدار بھی موجود تھے۔
اجلاس میں عوام کو مہنگائی خاص طورپر بجلی کے مہنگے بلوں میں ریلیف دینے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
محمد نوازشریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مہنگے بجلی کے بل عوام کے لئے ناقابل برداشت ہیں، پی ٹی آئی کی لائی تباہی مہنگائی اور مہنگے بل لائی ہے لیکن ہم سے عوام ریلیف کی توقع کرتے ہیں۔
نوازشریف کا کہنا ہے کہ یہ ہماری صلاحیتوں کا امتحان ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو ریلیف کیسے دینا ہے، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا، معاشی استحکام واپس لانے کے لئے سیاسی قربانی آپ کی حب الوطنی کا ثبوت ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی طرح اب عوام کو ڈیفالٹ سے بچانا بھی ہمارا بڑا امتحان ہے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مشکلات سے راستہ نکالا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی صدر کو قومی معاشی ایجنڈے کے خدوخال سے آگاہ کیا، قومی معاشی پلان کو حتمی شکل دینے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف پارٹی صدر محمد نواز شریف کو بریف کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے بتایا کہ ملک کے تمام مسائل کے حل کے لئے ایک جامع معاشی ایجنڈا تیار کرلیا ہے، 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ بجلی صارفین کو تین ماہ کے لئے ریلیف دیا ہے۔
وزیراعظم نے مزید بتایا کہ ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب روپے کی کٹوتی کرکے 86 فی صد عوام کو ریلیف دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News