اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کےغیرقانونی تسلط کا کوئی جواز نہیں۔
وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجینئر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انجینئر امیر مقام صاحب نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تاریخی مہم چلائی، 2019 کے بھارتی اقدامات کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا گیا.
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام پر بھارت نے ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے، مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کا کوئی جواز نہیں۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے، حکومت پاکستان نے ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی ہے، حکومت نہتے کشمیری عوام کی ہر طرح کی حمایت جاری رکھے گی۔
انکا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت کے دوران شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں بھی مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دیا جائے، 2019 کے غیر قانونی، غیر اخلاقی اور بلا جواز اقدامات کے تحت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکلنا چاہیے، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال ہونی چاہیے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5 سال پہلے کشمیر کا خصوصی اسٹیٹس ختم کردیا، بھارت کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی مسلسل حمایت جاری رکھے گا، بھارت اب تک ہزاروں کشمیریوں کو شہید کر چکا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News