جشن آزادی کے موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحت پاکستان کے بلند ترین سطح مرتفع پلیٹو دیوسائی کے مقام پر 14 اگست یوم آزادی کے حوالے سے قومی پرچم بلند کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔
اس تقریب میں دوسری انٹر نیشنل ٹورزم سمٹ کے مندوبین سمیت پاکستان میں تعینات یورپی یونین، مصر، میانمار، یمن، ملائشیاء، اذربائیجان، قاذقستان، لیبیاء کے سفراء ترکیے اور پرتگال کے سفیروں کے نمائندے شریک ہوئے۔
غیر ملکی سفراء اور ان کی فیملیز نے شرکاء کے ہمراہ پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے، اپنی نوعیت کی اس منفرد تقریب میں شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم بلند کیے ہوئے تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر اسلام اباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے کہا کہ پاکستان کے اس بلند ترین مقام پر آزادی کا جشن منانے اور قومی پرچم لہرانے کا اعزاز حاصل کرنے پر فخر ہے، میری دلی خواہش تھی کہ پاکستان کے اس خوبصورت ترین علاقے میں غیر ملکی سفراء کے ہمراہ آزادی کا جشن منائیں جو ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کے اس پر مسرت موقع پر ہم سب کو اس ملک کی سچے جذبے، لگن اور محنت کے ساتھ خدمت کرنے کے عزم کو ایک بار پھر توانا کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان ہم سب کا گھر ہے ہماری ساری توانائیاں اس کی ترقی، خوشحالی اور حفاظت پر صرف ہونے چاہئیں۔
اس موقع پر پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی طرف سے ان شہیدوں اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جن کی قربانیوں کی بدولت یہ ملک محفوظ ہے۔
تقریب سے خطاب میں پاکستان میں تعینات یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کینوکا نے کہا کہ میں یورپین یونین کی طرف سے اس پر مسرت موقع پر پاکستان کی بہادر اور جذبوں سے بھر پور قوم کو آزادی کی مبارکباد پیش کرتی ہوں، ہم پاکستان کے ساتھ تجارت،تعلیم،صحت موسمیاتی تبدیلیوں سے بچا ئو سمیت ہر شعبے میں تعاون کو مزید مظبوط کریں گے۔
ملائشیاء کے ہائی کمشنر مظہر بن مذلان نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیاء بہترین دوست اور ہر اچھے برے وقت کے ساتھی ہیں، پاکستان کی اپنی آزادی کے بعد حاصل کی گئی کامیابیاں ہم سب کیلے فخر کا باعث ہیں، میں اس خوبصورت ترین علاقے میں آزادی کے جشن میں شریک کرنے پر صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری اور ان کی پوری ٹیم کا شکر گزار ہوں۔
آذر بائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ میں اپنی حکومت اور عوام کی جانب سے پورے پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔دونوں ممالک نے گزشتہ دو دہائیوں میں ہر شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔دونوں طرف اس تعاون کو بڑھانے کیلے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
قازقستان کے سفیر یرزان کرسٹافین نے کہا کہ پاکستان کے خوبصورت علاقے اور شاندار لوگ اس کا فخر ہیں۔آزادی کے جشن کی اس تقریب میں شرکت میرے لئے مسرت اور اعزاز کا باعث ہے۔
یمن کے سفیر مطعار العشبی نے کہا کہ پاکستان اور یمن یکساں تاریخی اور مذہبی روایت کے امین ہیں۔دونوں ممالک کا تعاون قابل قدر ہے۔اس پرمسرت موقع پر ہم ایک بار پھر باہمی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہین۔
سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کے اس خوبصورت ترین مقام پر آزادی کا جشن منانا ہم سب کیلے بڑا اعزاز ہے۔ان بلند ترین پہاڑوں پر قومی پرچم بلند کرنا اور اس میں دنیا بھر کے سفراء کی شرکت نہ صرف آزادی منانے کا ایک موقع ہے بلکہ یہ پیغام بھی ہے کہ یہ ملک محفوظ ہے اور اس کے چپے چپے کی حفاظت کا بندوبست موجود ہے۔
ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر قراہ العین نے صدر آئی سی سی آئی کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر شرکاء کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانہ دیا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News