لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ہر بے گھر کے لئے ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام کے لئے پرعزم ہیں۔
”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام پر تیزی سے کام جاری ہے، اس حوالے سے تین ماڈل کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پلاٹ پر قرض حاصل کرنے والوں سے سروس چارجز لینے سے روک دیا، تاہم مریم نواز 14 – اگست کو اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی لانچنگ کریں گی۔
اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے پائلٹ پروگرام کے طور پر ماڈل گھر تیار کرلئے گئے ہیں، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب نے ماڈل گھروں کے نقشے میں لیونگ روم بھی شامل کرنے کی ہدایت دے دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے عوام کی سہولت کے لئے ٹال فری نمبر متعارف کروانے کا بھی حکم دیا، تاہم ان کی ہدایت پر پی آئی ٹی بی اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے لئے خصوصی پورٹل تیار کرے گا، اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے خواہش مند گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کراسکیں گے۔
اس حوالے سے سیکریٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر) اسد اللہ خان نے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام فارم ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر سے حاصل کیے جا سکیں گے، ایک تا پانچ مرلہ تک پلاٹ مالکان گھر بنانے کے لئے بلاسود قرضہ حاصل کر سکیں گے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر گھر کے مالکان کو آسان قسط پر قرضہ ادا کرنے کی سہولت ملے گی، سرکاری زمین پر گراؤنڈ اور تین منزلہ اپارٹمنٹ کے پروگرام کا پی سی ون منظور، فزیبلٹی سٹڈی جلد ہوگی۔
بریفنگ کے مطابق پرائیویٹ سکیموں میں تین اور پانچ مرلہ کے گھر ”پھاٹا“ کے الاٹیز کو ملیں گے، پھاٹا کے الاٹی پرائیویٹ اسکیم میں گھر لینے پر پانچ سال میں گھر کے اقساط ادا کریں گے، حکومت پنجاب پرائیویٹ اسکیم میں گھر کی لاگت کا بوجھ کم کرنے کے لئے سبسڈی دے گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کسی بھی شہر یا گاؤں میں 70ہزار پلاٹ مالکان قرض لے سکیں گے، پانچ مرلہ تک پلاٹ کے مالک کو گھر بنانے کے لئے بلا سود قرض ملے گا، مائیکروفنانس اداروں کے ذریعے قرض کی ادائیگی پر سروس چارجز پر حکومت پنجاب ادا کرے گی۔
بعدازاں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News