وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت پولیس کے غازیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم شہدائے پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سطح پر ہر سال 4 اگست کو یوم شہدائے پولیس منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد شہدائے پولیس کی فرائض کی راہ میں دی جانیوالی قربانیوں کو یاد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم شہدائے پولیس منانے کا مقصد عزم کی تجدید کرنا ہے، بحیثیت ایک قوم ہمارے شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، آج کی اس تقریب میں شہدائے پولیس سندھ کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے، شہیدوں نے اپنا لہو دیکر امن وامان کے قیام اور قانون کی حکمرانی کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ اور محکمہ پولیس اپنے شہید ہیروز کی خاندانوں کے ساتھ ہیں، ہمیں اپنے شہداء کی جرات، شجاعت اور دلیری پر فخر ہے، حکومت سندھ شہیدوں کے ورثاء کے لیئے محکمانہ مراعات کی فراہمی میں انتہائی پرعزم ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بم بلاسٹ، پولیس مقابلے، ٹارگٹ کلنگ، سکیورٹی فرائض اور انسداد دہشت گردی اقدامات کی انجام دہی میں ہونیوالے شہید کے ورثاء کے لیئے ایک کروڑ روپے دیئے جاتے ہیں، دوران فرائض ٹریفک حادثہ میں شہید پولیس اہلکاروں کے ورثاء کے لیئے ایک ملین روپے دیئے جاتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شہید کی 60 سال عمر تک ورثاء کے لیئے ماہانہ تنخواہ کی ادائیگی کی جاتی ہے، شہید کے تجہیز و تکفین کے لیئے 3 لاکھ روپے کی فوری ادائیگی کی جاتی ہے، شہید کے دو بچوں کے لیئے ایک ایک لاکھ میرج گرانٹ، منتخب کردہ اداروں سے تعلیمی اسکالر شپ بھی فراہم کی جاتی ہے، شہید کی ریٹائرمنٹ کی عمر تک ورثاء کو محکمانہ مراعات اور دیگر سہولیات کی فراہم کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس سندھ میں شہید کے ورثاء کے لیئے دو ملازمتیں فراہم کی جاتی ہیں، پولیس مقابلے، ٹارگٹ کلنگز،امن وامان کی صورتحال پر کنٹرول کے دوران شہید کانسٹیبل / ہیڈ کانسٹیبل رینک کے ورثاء کے لیئے مالی معاونت اور گھر کی خریداری کے لیئے مجموعی رقم 17.5 ملین روپے فراہم کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اے ایس آئی، سب انسپکٹر رینک کے لیئے 22.5 ملین روپے مالی معاونت اور گھر کی خریداری کے لیئے فراہم کیئے جاتے ہیں، انسپکٹر، ڈی ایس پی رینک کے لیئے 31 ملین روپے مالی معاونت اور گھر کی خریداری کے لیئے فراہم کیئے جاتے ہیں، ایس پی ، ایس ایس پی رینک کے لیئے 38 ملین روپے مالی معاونت اور گھر کی خریداری کے لیئے فراہم کیئے جاتے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ڈی آئی جی اور اس سے اگلے رینک کے ورثاء کے لیئے مالی معاونت اور گھر کی خریداری کے لیئے 60 ملین کی رقم مختص کی گئی ہے، اس قبل تمام رینک کے لیئے 10 ملین کی رقم بطور مالی سپورٹ مختص تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ دوران فرائض حادثہ میں شہید ہونیوالے کانسٹیبل ، ہیڈ کانسٹیبل کے ورثاء کے لیئے 3 ملین روپے فراہم کیئے جاتے ہیں، اے ایس آئی، ایس آئی کے لیئے 4 ملین روپے فراہم کیئے جاتے ہیں، انسپکٹر / ڈی ایس پی کے لیئے 4.5 ملین روپے فراہم کیئے جاتے ہیں، ایس پی / ایس ایس پی کے لیئے 5 ملین روپے فراہم کیئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی اور اس اگلے عہدے کے ورثاء کے لیئے 7 ملین روپے کی مالی امداد مختص کی گئی ہے، اس سے قبل یہ امداد تمام رینک کے لیئے ایک ملین تک تھی، سندھ حکومت پولیس کے غازیوں کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کیونکہ یہ بھی ہمارے ہیروز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غازی پولیس اہلکاروں نے دوران فرائض سماج دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، فرائض کے دوران مستقل معذور ہونیوالے پولیس اہلکاروں کے لیئے 10 لاکھ مختص کیئے گئے ہیں، عارضی طور پر معذور ہونیوالوں کے لیئے 5 لاکھ کی مالی سپورٹ مختص کی گئی ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ طبی سہولیات کے لیئے پولیس کے ایک لاکھ 27 ہزار ملازمین اور انکے خاندان کیلئے دس لاکھ روپے سالانہ ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجراء کررہے ہیں، دارالحکومت سندھ شہر کراچی کو جرائم سے پاک کرنے اور مجرمان کی سرکوبی کے لیئے اہم اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے پہلے مرحلے میں مختلف مقامات پر 1300 جدید کیمرے تنصیب کرنے کے لیئے 3.67 ارب کی رقم جاری کردی گئی ہے، سندھ اسمارٹ سرویلنس سسٹم کے تحت صوبے کے داخلی اور خارجی راستوں پر قائم 40 ٹول پلازہ پر جدید ٹیکنیکس سے آراستہ چہرہ شناس کیمراز اور آٹو میٹڈ نمبر پلیٹ شناخت کی ٹیکنالوجیز کی تنصیب کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس فور ذریعے نا صرف جرائم کی روک تھام ہوگی بلکہ ملوث ملزمان کی گرفتاری بھی یقینی ہوسکے گی، سندھ پولیس کے ان افسران اور جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جو جرائم اور مجرمان کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بہادر پولیس جوان ثابت کررہے ہیں کہ پولیس نام ہی جرائم کے خلاف ڈٹ جانیکا اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کا ہے، ہم اپنے شہداء کی قربانیوں اور کارناموں کو مشعل راہ بناتے ہوئے جرائم کے خلاف ہر جنگ کو کامران بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہم روشن مستقبل کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News