لاہور میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے 44 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جولائی 1980 میں 24 گھنٹوں کے دوران 332.5 ملی میٹر بارش ہوئی تھی، جبکہ 01 اگست 2024 میں 24 گھنٹوں میں 360.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی کے مہینے میں مون سون کی بارشوں کا مجموعی رجحان معمول سے کم دیکھا گیا، تاہم پنجاب اور بلوچستان میں یہ رجحان معمول سے زیادہ رہا۔
اب تک پاکستان میں مجموعی طور پر معمول سے 07 فیصد کم بارش ریکارڈ ہوئی ہیں۔
بلوچستان میں بارشیں معمول سے 23 فیصد، جبکہ پنجاب میں معمول سے 12 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی، اس کے برعکس خیبرپختونخوا میں بارشیں معمول سے 24 فیصد، جبکہ سندھ میں معمول سے 45 فیصد کم ریکارڈ ہوئی ہیں۔
اسی طرح آزاد جموں کشمیر میں معمول سے 46 فیصد، گلگت بلتستان میں معمول سے 66 فیصد کم بارشیں ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے اگست میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگست میں شمال مشرقی پنجاب، اور زیریں سندھ میں معمول سے تھوڑی زیادہ بارشوں کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پہلا سلسلہ اگست کی 6 تاریخ تک جاری رہے گا، جبکہ بارشوں کا دوسرا سلسلہ اگست کی 7 تاریخ سے 15 تاریخ تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگست کی 7 سے 15 تک ملک کے بالائی علاقوں، مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں وقفے وقفے سے مزید بارش کا امکان ہے۔
ملک کے بیشتر حصوں میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول کے مطابق رہنے کی توقع ہے۔
2024 مون سون کے دوران اب تک سب سے زیادہ بارش لاہورایئرپورٹ پر 662 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ سیالکوٹ ائیر پورٹ 480، راولپنڈی چکلالہ 403، سیالکوٹ شہر 332، گجرات 323، منڈی بہاؤالدین میں 317 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News