اسلام آباد: آئینی ترمیم کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی رات گئے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے طویل ملاقات ہوئی۔
رات گئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پیپلزپارٹی وفد کے ہمراہ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پہنچے اور ان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے آئینی ترامیم سے متعلق مشاورت کی جس کے بعد بلاول بھٹو وکٹری کا نشان بناتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کے گھر سے روانہ ہوگئے۔
پیپلزپارٹی کے وفد میں اعجاز جاکھرانی اور مرتضیٰ وہاب شامل تھے جبکہ جے یو آئی کے وفد میں مولانا اسعد محمود، اسلم غوری، کامران مرتضیٰ، میر عثمان بادینی شامل تھے۔
اس سے قبل رات گئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے طویل ملاقات کی اور حکومت کا پیغام پہنچایا۔
بلاول بھٹو اور محسن نقوی کی جانب سے مولانا فضل الرحمان سے آج ہونے والی آئینی ترامیم کے لئے تعاون مانگا گیا جس پر مولانا نے سوچ بچار کا وقت مانگ لیا۔
بلاول بھٹو کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد جے یو آئی کے رہنما کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے کچھ تجاویز آئی ہیں، تجاویز پر پارٹی کی شوریٰ اور مجلس عاملہ کے ارکان سے بھی مشاورت کی جائے گی، آئینی ترمیم آج اسمبلی میں آرہی ہے یا نہیں ہمیں معلوم نہیں۔
یاد رہے کہ بلاول بھٹو کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات سے قبل وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی قیادت میں حکومتی وفد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لئے پہنچا تھا، وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شامل تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News