پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں قائد کے نظریات سے ازسرِنو رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بابائے قوم کو ان کی 76 ویں برسی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی، اتحاد اور استحکام کے لیے قائداعظم کے وژن اور قیادت کی اہمیت دائمی ہے، قائد کی جدوجہد، عزم اور جمہوری اصولوں سے گہری وابستگی نے مضبوط، آزاد اور خودمختار پاکستان کی بنیاد رکھی۔
بلاول بھٹو نے قائداعظم محمد علی جناح کی برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کی جدوجہد صرف ایک الگ وطن کے قیام کے لیے نہیں تھی، ان کی جدوجہد ایک منصفانہ اور مساوی ریاست کے لیے تھی، ایسی ریاست جہاں قانون کی حکمرانی ہو اور ہر شہری کو مذہب، نسل یا طبقہ سے بلاامتیاز یکساں حقوق حاصل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں قائد کے نظریات سے ازسرِنو رجوع کرنے کی ضرورت ہے، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور ایک خوشحال ومتحد پاکستان کے لیے قائد کے اصول انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قائداعظم کے وژن کو آگے بڑھانےکے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، انہوں نے 1973 کے آئین کے ذریعے پاکستان کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی، شہید بھٹو نے جوہری دفاع کی بنیاد رکھی، جس سے قوم کی خودمختاری اور دفاع کو یقینی بنایا گیا۔
انکا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جمہوریت کو مضبوط کیا، پسماندہ طبقات کے حقوق کا تحفظ کیا اور عوام کو بااختیار بنایا، یوں ہر لحاظ سے قائد کے وژن کو زندہ رکھا، قائد اعظم کے نظریات کے ساتھ اپنی جماعت کی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا، ایسے پاکستان کی تعمیر کے مشن کو جاری رکھیں گے جہاں ہر شہری کو یکساں مواقع حاصل ہوں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ایسا پاکستان بناکر دم لیں گے جہاں انصاف کی بالادستی ہو اور جمہوری اقدار کی پاسداری کی جائے، اتحاد، رواداری اور اجتماعی ترقی کے لئے جدوجہد کرکے قوم اپنے قائد اعظم کی پالیسی کا احترام کرے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News