
وی پی این بذات خود ناجائز نہیں، اسلامی نظریاتی کونسل کا یوٹرن
اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ وی پی این یا کوئی سافٹ ویئر بذات خود ناجائز نہیں۔
وی پی این کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اپنے خیالات و آراکے اظہار کا مؤثر ترین ذریعہ ہے، سوشل میڈیا کو عمدہ مقاصد کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی پیروی ہر مسلمان پر لازم ہے، سوشل میڈیا کو اسلامی تعلیمات کے فروغ، تعلیم و تربیت کے لئے استعمال ہونا چاہیے جب کہ سوشل میڈیا کو توہین وگستاخی، فرقہ واریت ، بدامنی و غیرشرعی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
اعلامیے کے مطابق انٹرنیٹ کے استعمال کے دوران مختلف مقاصد کے لئے وی پی این استعمال ہوتا ہے، وی پی این یا کوئی سافٹ ویئر بذات خود ناجائز نہیں، وی پی این، سافٹ ویئر یا كسی ایپ كے درست یا غلط استعمال پر شرعی حكم كا دارومدار ہوتا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بات چیت، تعلیمی و تجارتی مقاصد کے لئے ایپ کا استعمال درست اور جائز ہوگا، کسی ایپ کے استعمال کے حوالے سے حکومتی قوانین پر عمل کرنا چاہیے، حکومت نے وی پی این کی رجسٹریشن شروع کردی ہے لہذا رجسٹرڈ وی پی این کے استعمال كو ترجیح دی جائے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا تھا کہ غیر رجسٹرڈ وی پی این کے استعمال سے اجتناب كیا جائے، حكومت كی ذمہ داری ہے کہ شہریوں كے لئے جائز مقاصد كے حصول کے لئے سوشل میڈیا کا استعمال آسان بنائے، اور حکومت ناجائز مقاصد كے لئے سوشل میڈیا كے استعمال كو روكنے كے لئے اقدامات كرے۔
اعلامیے میں ہدایت کی گئی ہے کہ میڈیا و سوشل میڈیا سے متعلق تمام حكومتی ادارے اس حوالے سے كردار ادا كریں۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے مزید کہا کہ حکومت سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز اور ایپس كی نگرانی كریں جب کہ سوشل میڈیا کا مثبت استعمال وقت كی اہم ضرورت بن چكا ہے جب کہ جدید ذرائع پر محض پابندی عائد كرنا مسائل كا حل نہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News