وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کے بغیر آزادی صحافت ممکن نہیں ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں صحافی دنیا کو باخبر رکھنے کیلئے دن رات مصروفِ عمل رہتے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بد قسمتی سے صحافیوں کو سچ بولنے کی پاداش میں مختلف خطرات، مصیبتوں اور صعوبتوں کو جھیلنا پڑتا ہے، امن کے علاوہ، تنازعات و جنگوں میں بھی صحافی اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر رپورٹنگ کے فرائض سر انجام دیتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سچ کے داعی ان صحافیوں کو پابندیوں ، تشدد ، دھمکیوں، اغواء اور قتل جیسے خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، غزہ میں بین الاقوامی کنوینشنز کے باوجود درجنوں صحافیوں کو دانستہ قتل کر کے سچ کا راستہ روکا گیا۔
وزیرِاعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ صحافیوں کے قتلِ عام پر اقوامِ عالم اور بین الاقوامی تنظیموں کو اسرائیل کو انصاف کے کٹھہرے میں کھڑا کرنا چاہئیے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے صحافیوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کی پاسداری کیلئے ترجیحی اقدامات اٹھائے ہیں، پاکستانی صحافیوں نے جمہوریت، آئین کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی کیلئے عظیم قربانیاں دیں ہیں۔
وزیرِاعظم نے یہ بھی کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کیلئے صحافی و میڈیا ورکرز کے تحفظ کا ایکٹ 2021 پاس کیا گیا، صحافیوں کیلئے ہیلتھ انشورنس بھی وفاقی حکومت کا صحافیوں کے تحفظ کیلئے ایک اہم اقدام ہے۔
ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں صحافیوں کے خلاف جرائم کو روکنے، ارتکاب کرنے والوں کی سزا یقینی بنانے اور صحافیوں کے تحفظ کیلئے پر عزم ہیں، آئین پاکستان آزادی اظہارِ رائے، آزادی صحافت اور معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے اور حکومت پاکستان اس کو یقینی بناتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News