
صدر اور وزیر اعظم کا خیبر پختونخوا میں مختلف آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
اسلام آباد: شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشت گردوں کی جانب سے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خارجی دہشت گردوں کی در اندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 25 اور 26 نومبر کی رات سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے گروہ کی جانب سے در اندازی کی کوشش کو ناکام بنایا جب کہ خوارج کا گروہ شمالی وزیرستان میں حسن خیل کے علاقے سے پاک افغان انٹرنیشنل بارڈر پار کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
خوارجی دہشت گردوں کی جانب سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے پر پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت کی سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف
صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر خوارجی دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
صدر زرداری نے تین خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
صدر مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے عزم و حوصلے کی تعریف کی۔
وزیرِ اعظم کا سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بھی شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی پذیرائی کی۔
وزیرِ اعظم نے تین خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ دہشت گردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے پیاروں سے دور، ملک کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج پاکستان کے افسران و جوان لائق تحسین ہیں۔
وزیرداخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی پاک افغان بارڈر سے خوارجی دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے تین خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ خوارجی دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دینے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز انتہائی پروفیشنل اور باصلاحیت ہیں اور قوم ان کی کامیابیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News