آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 7 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 10 اور 11 دسمبر کو شمالی وزیرستان میں دو مختلف مقامات پر خارجی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔
میران شاہ میں فورسز کی کارروائی کے دوران 4 خارجی دہشت گرد مارے گئے، سیکیورٹی فورسز اور خارجی دہشت گردوں میں دوسری جھڑپ سپن وام کے مقام پر ہوئی، سپن وام میں کارروائی کے دوران 3 خارجی دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائک محمد امین شہید ہو گئے، محمد امین کی عمر 34 برس اور تعلق فیصل آباد سے تھا، شہید لانس نائیک محمد امین نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں علاقوں کو خارجی دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News