
سی ای سی اجلاس؛ پی پی ارکان کی اکثریت ن لیگ کی حکومت چھوڑنے کے حق میں
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ارکان کی اکثریت نے ن لیگ کی حکومت چھوڑنے کے حق میں دلائل دیے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا زرداری ہاؤس اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس میں سی ای سی کے تمام اراکین نے شرکت کی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے بھی اراکین نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی کمیٹی نے اراکین کو حکومت سے مذاکرات پر بریفنگ دی جب کہ سی ای سی کے اراکین نے سیاسی صورت حال اور خصوصی کمیٹی کی بریفنگ پر مختلف تجاویز پیش کیں۔
ذرائع کے مطابق ارکان کی اکثریت نے ن لیگ کی حکومت چھوڑنے کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ اتحا دپیپلزپارٹی کی ساکھ کو تباہ کر رہا ہے جب کہ ارکان کی اکثریت نے فوری طور پر حکومتی اتحاد سے نکلنے کی رائے دی۔
ذرائع نے بتایا کہ اراکین کا کہنا تھا کہ ن لیگ پی پی کو اہمیت نہیں دیتی تو اتحاد میں رہ کر کیا کریں، اگر اتحاد میں رہے توعوام میں کیسے جائیں گے۔ ن لیگ کے ساتھ اتحاد میں رہ کر ان کی غلطیوں میں شریک ہو رہےہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں اراکین نے یہ بھی کہا کہ عوام ابھی بھی حکومتی اتحاد سے متعلق ہم سے سوال کرتے ہیں، نہ مشاورت کی جاتی ہے اور نہ ہی آگاہ کیا جاتا ہے تو ہم کیسے اتحادی ہیں، کسی بھی قانون سازی پر اعتماد میں نہیں لیا گیا اور نہ ہی تعیناتیوں سے متعلق رائے لی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News