
پاکستان کی اسرائیلی وزیراعظم کے غیرذمہ دارانہ بیان کی شدید مذمت
اسلام آباد: پاکستان نے اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو کے غیرذمہ دارانہ بیان کی شدید مذمت کردی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان سعودی عرب میں فلسطینی ریاست کے قیام کی تجویز کی مذمت کرتا ہے جب کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈارنے اسرائیلی وزیراعظم کے بیان کو یکسر مسترد کردیا ہے۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ یہ بیان غیرذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور فہم سےعاری ہے، بیان نہ صرف جارحانہ بلکہ فلسطینیوں کےجائز حق اور آزاد ریاست کے برعکس ہے جب کہ فلسطینی اپنی سرزمین پر جائز قانونی ریاست کے قیام کا حق رکھتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا اور اظہار یکجہتی کرتا ہے، پاکستان فلسطینیوں کے جائز حق کی جدوجہد میں بھی ثابت قدمی سے کھڑا ہے۔ سعودی عرب کی پوزیشن کو غلط انداز میں پیش کرنا افسوس ناک ہے،
نائب وزیراعظم کہتے ہیں کہ سعودیہ کی فلسطینی جدوجہد سے وابستگی کو غلط پیش کرنا افسوسناک ہے، فلسطینی عوام 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد ریاست کا حق رکھتے ہیں جب کہ القدس بطور دارالحکومت کے ساتھ فلسطینی ریاست کے قیام کے حامی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو بے گھر یا کہیں اور منتقل کرنے کی تجویز ناقابل قبول ہے، آبائی سرزمین سے بے گھر کرنا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہوگا جب کہ فلسطینیوں کو نکالنا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور انصاف کے اصولوں کے بھی برعکس ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے اور پاکستان فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا جب کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ و پائیدار حل کی کوشش کرتا رہے گا۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری اسرائیل کے اشتعال انگیزبیان کی مذمت کرے، عالمی برادری امن کو نقصان پہنچانے پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News