
حکومت کا فارمیسی کے نئے ادارے کھولنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت نے فارمیسی کے نئے ادارے کھولنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں نئے فارمیسی اسکول اور کالجز کھولنے پر ایک سال کیلئے پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ فارمیسی ادارے کھولنے پر پابندی میں مزید توسیع کا بھی امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پابندی کا فیصلہ زائد فارمیسی ادارے، فیکلٹی کمی، غیر معیاری تعلیم پر ہوا، اس حوالے سے فارمیسی کونسل پاکستان نے صوبائی دفاتر کو مراسلہ ارسال کر دیا جس کے مطابق پی سی پی کے یکم مارچ کے 62 ویں اجلاس میں پابندی کا فیصلہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فارمیسی اسکول، کالجز کھولنے پر پابندی کا نفاذ 31 مئی سے ہو گا، پی سی پی 30 مئی کے بعد این او سی درخواستوں پر غور نہیں کرے گی اور 30 مئی سے قبل کی فارمیسی اسکول، کالجز کی درخواستوں پر غور ہو گا۔
پی سی پی مراسلے میں کہا گیا کہ ملک میں فارمیسی انسٹیٹیوٹ کی تعداد غیر موزوں ہے، متعدد ادارے فارمیسی ایجوکیشن کے معیار پر سمجھوتہ کر رہے ہیں، ملک میں متعدد فارمیسی اسکول، کالجز کو فیکلٹی کی کمی کا سامنا ہے۔
مراسلے کے مطابق فارمیسی اسکول، کالجز کو الاٹ کردہ سیٹوں کی تعداد غیر متناسب ہے، گریجویٹ فارماسسٹ ملکی ضرورت پوری کرنے کیلئے ناکافی ہے، فارمیسی شعبے میں بیروزگاری خطرناک سطح کو چھو رہی ہے، فارمیسی کے کورسز جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ فارمیسی کورسز طلبا کی فنی مہارت یقینی بنانے کیلئے ناکافی ہیں، فارمیسی ٹیکنیشن کورسز کرانے والے اداروں کی تعداد 7 سو سے زائد ہے، فارما ڈی کورسز کرانے والے اداروں کی تعداد 2 سو سے زائد ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News