
صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید الفطر کے بابرکت موقع پر پوری قوم اور عالمِ اسلام کو دلی مبارکباد پیش کی۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ خوشی کا یہ دن رمضان المبارک کی برکتوں، عبادات اور تقویٰ کے سفر کے بعد ہمیں نصیب ہوتا ہے، اور عید الفطر اللہ تعالیٰ کا انعام ہے جو اللہ نے ہمیں روزے کی مشقت پر عطا کیا ہے۔
صدر مملکت نے رمضان المبارک کے دوران قربِ الٰہی حاصل کرنے، اپنے کردار کو سنوارنے اور نیکیوں میں سبقت لے جانے کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رمضان ہمیں صبر، برداشت، عبادت اور غریبوں کی مدد کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم رمضان میں حاصل کردہ تربیت کو اپنی روزمرہ زندگی میں نافذ کریں اور اپنی عملی زندگی میں بھی اخلاص، ایمانداری اور محبت کے جذبات کو برقرار رکھیں۔
صدر مملکت نے عید الفطر کے موقع پر معاشی مشکلات کا شکار بہن بھائیوں کو یاد رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اصل خوشی دوسروں کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹنے میں ہے۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ زکوٰۃ، صدقات اور فطرانہ بڑھ چڑھ کر ادا کریں تاکہ کوئی بھی ضرورت مند عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے عید الفطر کے دن کو اتحاد اور یکجہتی کا درس دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہے اور ایک دوسرے کا سہارا بننا ہے تاکہ پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں آپس میں بھائی چارے کو فروغ دینا ہے تاکہ ہمارا ملک ایک مضبوط اور خوشحال ریاست کے طور پر ابھرے۔
آخر میں، صدر مملکت نے اہل مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیے دعا گو ہوتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے ان کی جلد آزادی کی دعا کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے روزے اور عبادات قبول فرمائے اور پاکستان کو امن اور خوشحالی کی راہ پر ڈال دے۔ آمین!
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News