
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں چوتھی افطارڈنر کی تقریب کا اہتمام کیا جس میں شہر کی مختلف جامعات کے طلباء کی بھی شرکت ہوئی۔
اس موقع پر ڈاؤ، ہمدرد، ضیاءالدین اور بقائی یونیورسٹیز کے طلباء نے گورنر سندھ کے ساتھ افطاری کی اور اس اہم موقع پر ان کے ہمراہ وقت گزارا۔
گورنر سندھ نے طلباء کا گورنر ہاؤس میں خیرمقدم کیا اور ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔ طلباء نے گورنر سندھ کے ساتھ وقت گزارنے اور افطاری کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
ایک طالبہ نادیہ اقبال نے کہا کہ گورنر سندھ کے ہمراہ افطاری کر کے ہمیں بہت خوشی ہوئی۔
گورنر سندھ نے شہریوں کا بھی خیرمقدم کیا اور تقریب کے دوران ان کے ساتھ گھل مل گئے۔ اس افطار ڈنر میں گورنر سندھ کے ہمراہ شہریوں اور طلباء کے درمیان ایک دوستانہ ماحول قائم رہا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے افطار ڈنر میں شریک افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کی افواج اور اسٹیبلشمنٹ کی تعریف کر رہے ہیں، اور دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا گیا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ آج کچھ لوگوں کے جادو ٹونے بھی کامیاب نہیں ہوئے اور امریکی صدر کے بیان نے ان کے بیانیہ کو زمین بوس کر دیا ہے۔
انہوں نے بھارت کے ایجنٹس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ایجنٹس ہماری افواج کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔
گورنر سندھ نے افواج پاکستان کے لئے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان زندہ باد اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں دشمن کی نظر بد سے بچائے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ دہشت گردی میں ملوث کسی بھی شخص کو نہیں چھوڑا جائے گا اور پاکستانی جوانوں نے دہشت گرد حملے کو ناکام بنایا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دہشت گرد مسلمان نہیں ہیں، کیونکہ مسلمان رمضان المبارک میں نہتے بچوں کو نشانہ نہیں بناتے ہیں۔
گورنر سندھ کی افطار ڈنر تقریب میں دو پلاٹوں کی قرعہ اندازی بھی کی گئی۔ پہلی قرعہ اندازی میں سہرا ب گوٹھ سے تعلق رکھنے والے محمد ایاز کا 120 گز کا پلاٹ نکلا۔
محمد ایاز نے کہا کہ کمپنی سے چھٹی لے کر گورنر ہاؤس میں اپنی قسمت آزمانے آیا تھا اور خوشی ہے کہ میرا نام آیا۔
دوسری قرعہ اندازی میں اللہ والا ٹاؤن کی رہائشی نادیہ اقبال کا 120 گز کا پلاٹ نکلا۔ نادیہ اقبال اس خوشی کے موقع پر آبدیدہ ہو گئیں اور اپنے بیٹے سے لپٹ کر رونے لگیں۔
گورنر سندھ کی افطار ڈنر کی یہ تقریب نہ صرف عوام اور طلباء کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنی بلکہ پاکستان کے کردار اور افواج کی قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
اس موقع پر تمام شرکاء نے یکجہتی اور محبت کا پیغام دیا، جس سے افطار کا یہ روحانی لمحہ اور بھی یادگار بن گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News