
سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر حکومتی رہنماؤں کا خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 6 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف ان کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ انٹیلیجنس پر مبنی اس کامیاب آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشت گردوں کا قلع قمع کر کے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف کھڑی ہے اور ان کے حوصلے کو سلام پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت نے ملک سے خوارجی دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کی بدولت دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے سیکیورٹی اہلکاروں پر فخر ہے اور یہ جنگ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کاوشیں قابل قدر ہیں اور ان کی ہر کامیابی قوم کی فتح ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بنوں میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی شجاعت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور اس آپریشن کی کامیابی پاکستان کے لیے ایک بڑی فتح ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ان کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز انتہائی پیشہ ورانہ اور باصلاحیت ہیں.
وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خوارجی دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، اور قوم سیکیورٹی فورسز کی بہادری پر ناز کرتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News