
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بیرون ملک سے زیادہ زرمبادلہ بھیجنے والے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سول اعزاز دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سمندر پار پاکستانیوں کے امور پر ایک خصوصی اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کے سفیر قرار دیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزراء اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے جاری پالیسیوں، سہولیات اور نئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے دنیا بھر میں محنت، دیانت اور لگن سے نہ صرف اپنا بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طب، تعلیم، انجینئرنگ اور کنسلٹینسی سمیت مختلف شعبہ جات میں انہوں نے مثالی کارکردگی دکھائی ہے۔ ہم ان کے صادق جذبوں، وطن سے محبت، ایثار اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں منعقد ہونے والے اوورسیز پاکستانی کنونشن میں بڑی تعداد میں سمندر پار پاکستانیوں کی شرکت، حکومت پر ان کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان نے سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف میں ایک بڑا سہولت پیکج متعارف کروایا ہے۔
اس کے علاوہ، بیرون ملک مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد اور اسٹیٹ بینک کے ذریعے سب سے زیادہ زرمبادلہ بھیجنے والے پاکستانیوں کو سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے کوشاں ہے بلکہ ان کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے اور پائیدار مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں، جو ان کی مہارت اور تجربے سے ہم آہنگ ہوں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اعلان کردہ تمام سہولیات کی مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور ان کے ساتھ مستقل رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News