
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کاروباری برادری اپنا لوہا منوا رہی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر میں ڈیجیٹل و دیگر اصلاحات کے عمل میں سرمایہ کاروں کی شمولیت اور مواقع کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں ڈیجیٹل کوآپریشن کانفرنس کے تحت ہونے والے ڈیجیٹل انوسٹمنٹ فورم میں پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں مجموعی طور پر 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر پذیرائی کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کاروباری برادری اپنا لوہا منوا رہی ہے، آئی ٹی کے شعبے میں پاکستانی کاروباری افراد عالمی مارکیٹ میں قابل قدر خدمات پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی قوم میں نہ صرف ملکی بلکہ عالمی معیشت کی ترقی میں مرکزی کردار ادا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، پاکستان میں آئی ٹی سمیت ہر شعبے میں دنیا کے بہترین ماہرین موجود ہیں، اگر ان کو استعداد اور صلاحیتوں کے مطابق موقع دیا جائے تو وہ بہترین نتائج دے سکتے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت ملکی آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کے عمل میں پاکستانی سرمایہ کار برادری کو شامل کرنے ترجیح دے گی، پاکستانی سرمایہ کار کے ذریعے ہمیں دیر پا، بہتر اور پائیدار نتائج حاصل ہوں گے۔
وزیراعظم نے آئی ٹی کے شعبے کے سرمایہ کاروں کو ایف بی آر میں ڈیجیٹل اصلاحات میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی ویبینار منعقد کرنے کی ہدایت بھی دی۔
اجلاس میں شرکاء کو ایف بی آر میں ڈیجیٹل اصلاحات کے عمل کے مختلف مراحل اور اس میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ، ٹریک اینڈ ٹریس، ڈجیٹل تحقیق و تجزیات اور دیگر اصلاحات پر کام کیا جا رہا ہیں جن میں سے متعدد نافذ العمل ہو چکی ہیں، ایف بی آر میں ڈجیٹل انوائسنگ، فیس لیس ٹیکنالوجی، کارگو ٹریکنگ اور دیگر ڈجیٹل اصلاحات میں مجموعی طور پر 10 کروڑ ڈالر سے زائد کے سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
واضح رہے کہ اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، سیکریٹری جنرل ڈجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن دیمہ بنت یحییٰ ال یحیی، بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیوں کے سی ای او اور متعلقہ اداروں کے افسران شریک تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News