
اسلام آباد: بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ معصوم بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہ ’’فتنہ الخوارج‘‘ کا بھیانک اور مکروہ چہرہ ایک بار پھر بے نقاب۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس گروہ کی جانب سے معصوم بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی ویڈیو فوٹیج منظر عام پر آ گئی۔ ویڈیو نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ الخوارج کے دہشت گرد معصوم بچوں کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ان بچوں کو نہ صرف یرغمال بنایا جاتا ہے بلکہ سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے دوران انہیں آگے رکھ کر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جو بزدلی کی بدترین مثال ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کی عوام فتنہ الخوارج کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن گئی
ذرائع کے مطابق بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے اس گروہ کے متعدد دہشت گردانہ حملوں میں کئی معصوم بچے جاں بحق یا زخمی ہوچکے ہیں۔ اس کے باوجود یہ گروہ نہ صرف اپنی مذموم کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے بلکہ ان حملوں کی ذمہ داری سیکیورٹی فورسز پر ڈال کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش بھی کرتا ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں، خصوصاً بچوں کو یرغمال بنا کر دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال کرنا نہ صرف ایک غیر انسانی فعل ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔
دفاعی ماہرین کہتے ہیں کہ ایسے اقدامات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ’’فتنہ الخوارج‘‘ ایک غیر اخلاقی اور سفاک گروہ ہے جو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کسی حد تک بھی جا سکتا ہے۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ اس طرح کی ویڈیوز کا منظر عام پر آنا عالمی برادری کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے اور بھارت کو ان گروہوں کی پشت پناہی بند کرنا ہوگی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News