
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور قلندرز کو پاکستان سپر لیگ 10 جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا فائنل لاہور قلندرز کی شاندار فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہوا جس میں صدر آصف زرداری نے لاہور میں منعقدہ اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور فاتح ٹیم کو مبارکباد دی۔
صدر مملکت نے پی ایس ایل 10 کی چیمپئن لاہور قلندرز کو ٹرافی پیش کی، کھلاڑیوں کو گولڈ میڈلز پہنائے اور ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو انعامی چیک بھی دیا۔
انہوں نے لاہور قلندرز کی فائنل میں عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہدف کامیابی سے حاصل کیا۔
صدر نے اپنے خطاب میں پاک بحریہ کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک بحریہ نے سمندری حدود کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی بحریہ کے کسی بھی جارحانہ اقدام کو مؤثر طریقے سے روکے رکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں کے باعث ہی ملک میں امن قائم ہے، جس کے نتیجے میں ہم آج پی ایس ایل کا فائنل پُرامن ماحول میں دیکھ رہے ہیں۔
بعدازاں صدر آصف زرداری نے پی سی بی انتظامیہ کو ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔
وزیراعظم شہباز شریف
دوسری جانب وزیراعظم نے بھی لاہور قلندرز کو فائنل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل 10 کے فائنل میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں نے شاندار کھیل پیش کیا، جس سے شائقین کرکٹ کو بھرپور تفریح ملی۔
وزیراعظم نے پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن میں شامل تمام ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے پی ایس ایل 10 کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پی سی بی انتظامیہ کو خصوصی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی نے ایونٹ کو بین الاقوامی سطح پر کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News