
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے مسلم امہ کو واضح پیغام دے دیا ہے اگر مسلم ممالک متحد نہ ہوئے تو باری باری سب مسلم ممالک کی باری آئے گی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ایٹمی مذاکرات میں مصروف ہوتے ہوئے اس پر حملہ کیا گیا، اسرائیل کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کی گئی تھی، اسرائیل کے ساتھ مسلم ممالک سفارتی تعلقات ختم کریں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان روز اول سے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے پر کھڑا ہے، چند برسوں میں کچھ پاکستانی اسرائیل گئے، پاکستانی کیسے اسرائیل گئے کس نے بھیجا کس نے اسپانسر کیا اس معاملے میں نہیں جانا چاہتا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ صہیونیت سے اس وقت ساری دنیا کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے، سارے یہودیوں کو اس ظلم کا ذمہ دار نہیں سمجھتا، ایران سے ہمارے اچھے برادرانہ تعلقات ہیں ہم ایران کے ساتھ ہیں، ایران کو عالمی سطح پر جو مدد چاہیے ہوگی پاکستان ساتھ کھڑا ہے، دونوں ممالک کے دکھ سکھ سانجھے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بے نتیجہ ختم ،پاکستان نے صیہونی حملے کو کھلی جارحیت قراردیدیا
خواجہ آصف نے کہا کہ او آئی سی کا اجلاس فوری بلایا جائے، پاکستان کو اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے، مسلم ممالک کے پاس اسلحہ اپنی جگہ مگر اسرائیل سے الگ الگ لڑنے کی سکت نہیں رکھتے، غزہ میں بچے شہید کیے جارہے ہیں مگر مسلمان ممالک کی اکثریت خاموش ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حال ہی میں بھارت کو جس طرح ناکوں چنے چبوائے ہیں وہ ایک مثال بن گئی ہے، ابھی حال میں بنیان مرصوص ہوا، جس میں ہماری افواج اور عوام نے بھارت کا غرور کو مٹی میں ملا کر رکھ دیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سال 2019میں جب آبی نندن والا واقعہ ہوا، اس وقت کے وزیر اعظم کو جنرل باجوہ نے اپوزیشن کے ساتھ بٹھانے کی کوشش کی مگر وہ نہ مانے، آبی نندن کو واپس کرکے سرنڈر کیا گیا، پاک فضائیہ کی کامیابی کو اس وقت خاک میں ملا دیا گیا۔
اس وقت جنرل باجوہ کے بارے میں اسپیکر صاحب کا ماتھے پر پسینہ اور ٹانگیں کانپ رہی تھیں والا الزام بھی آیا۔
وزیر دفاع کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی حال میں پاک بھارت جنگ ہوئی تو وزیر اعظم سمیت سب ایک سوچ اور حوصلے سے کھڑے تھے، ہماری فضائیہ نے وہ کمال کردکھایا کہ بنانے والے پوچھنے پر مجبور ہوگئے، ہمارے سائبر جنگجووؤں نے وہ کمال کرکے دکھایا کہ دنیا دیکھتی رہ گئے، بھارت کے ڈیم خود بخودبہنا شروع ہوگئے، آئی پی ایل کی روشنیاں بند ہوگئیں، بھارت کا نظام زمین بوس کردیا، ہمارے سائبر جنگجوؤں نے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارے وزیر خزانہ نے مائنس سے جی ڈی پی کو 2.7فیصد تک پہنچا دیا، مہنگائی 2023میں کہاں تھی آج کہاں تک نیچے آچکی ہے، ہماری حکومت نے پاکستان کو دنیا میں اعتماد دیا ہے۔
وزیر دفاع کا کہناتھا کہ ایف بی آر نے ٹیکس جمع کرنے میں کافی جمپ لیا ہے، تین سوارب روپے تو صرف سگریٹ کے ٹیکس سے چوری ہورہا ہے، یہاں کچھ لوگ سگریٹ مافیا کے ہاتھوں بکے ہوئے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی پنجاب میں 60 ہزار دکانوں کا کرایہ پانچ ہزار ہے، ساتھ والی مالکانہ دکان کا کرایہ پچاس ہزار ہے، ایک ایک گھر کے 45 لوگ بے نظیر انکم سپورٹ سے رقم لے رہے ہیں، کرپشن کے مین ہول کھلے ہوئے ہیں، تین ارب ڈالر چین سے درآمدات کے ٹیکس پر چوری ہوتا ہے، پیسہ پاکستان میں ہی موجود ہے، ٹیکس چوری اور کرپشن کے خلاف بھی بنیان مرصوص جیسا جہاد ہونا چاہیے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈر ہے کہ بھارت پانی بند کردے گا، بھارت ہمارے خلاف پانی کا ہتھیار استعمال کررہا ہے، کبھی پینتیس ہزار کیوسک تو کبھی پانچ ہزار کیوسک پانی چھوڑ دیتا ہے، ہمیں پانی بچانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے چاہییں، ٹی وی چینلز کو دس منٹ پبلک انٹریسٹ کے اشتہارات دینے چاہییں، ٹی وی چینلز مینوں نوٹ وکھا میرا موڈ بنے کے علاوہ کچھ نہیں چلاتے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News