
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔
وزیراعظم نے دونوں رہنماؤں سے عید کی مبارکباد کے ساتھ ساتھ اہم دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے ملائیشیائی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے رواں سال کے آخر میں کوالالمپور کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دونوں وزرائے اعظم نے تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلوں سمیت باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر بامعنی مذاکرات کے لیے پاکستان کے تیار ہونے کا عندیہ بھی دیا اور ملائشیا کے متوازن اور اصولی مؤقف کی تعریف کی۔
تاجک صدر امام علی رحمان سے گفتگو میں وزیراعظم نے عید کی مبارکباد دی اور تاجکستان میں حال ہی میں ہونے والی بین الاقوامی ماحولیاتی کانفرنس کی کامیابی پر بھی انہیں مبارکباد دی۔
مزید پڑھیں: پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ، سنت ابراہیمیؑ کی پیروی جاری
وزیراعظم نے تاجکستان کے امن پسند مؤقف اور پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر اعتدال پسند رویے کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مثبت سمت میں بڑھتے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے صدر امام علی رحمان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دہرائی، جس پر تاجک صدر نے ان کا شکریہ ادا کیا اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
ٹیلیفونک گفتگو میں مسلم امہ کے اتحاد، فلسطینی عوام کی حمایت اور خطے میں امن کے فروغ کے عزم پر بھی اتفاق کیا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News