اسلام آباد: ضلعی کچہری میں خودکش دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں، تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ اور اس کے اطراف کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سرفراز ڈوگر نے عدالت کے مرکزی گیٹ پر پہنچ کر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور پولیس کو ہدایت دی کہ ہائیکورٹ کے دوسرے گیٹ پر بھی حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جائیں اور وہاں پولیس کی گاڑی مستقل طور پر تعینات رہے۔
ہائی کورٹ کے اطراف میں غیر متعلقہ افراد کے کھڑے ہونے یا رکنے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ضلعی کچہری میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد آج جوڈیشل کمپلیکس کو مکمل طور پر بند رکھا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے وکلاء، سائلین اور کلرکس کو کچہری نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ صدر ڈسٹرکٹ بار نعیم گوجر سمیت دیگر عہدیداروں نے وکلاء کو گھروں میں رہنے کی تلقین کی ہے۔
ڈسٹرکٹ بار نے دھماکے کے واقعے پر تین روزہ سوگ اور ایک روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے جبکہ اسلام آباد بار کونسل نے بھی افسوسناک سانحے پر تین روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں ایڈووکیٹ زبیر اسلم گھمن جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد وکلاء، سائلین اور دیگر زخمی اب بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
