وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ غیر ملکی فنڈنگ سے ہماری حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی، میرے پاس خط ہے اور وہ ثبوت ہے تاہم حکومت جاتی ہے تو جائے، جان جاتی ہے تو جائے میں ان چوروں کو معاف نہیں کروں گا۔
امر بالمعروف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سب سے پہلے میں آج اپنی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اپنے ارکان اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ آپ لوگ تمام تر آفرز اور لالچ کے باوجود میرے ساتھ کھڑے رہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاست شروع کرنے کا ایک مقصد تھا کہ میرا ملک جس نظریے کے تحت بنا تھا اس پر اپنی قوم کو کھڑا کروں اور وہ نظریہ اسلامی فلاحی ریاست ہے جو پاکستان میں موجود نہیں تھا لیکن مغربی ممالک میں موجود تھا اور اب مجھے فخر ہے ہم فلاحی ریاست کے راستے پر چل نکلے ہیں۔
اپنے نظریہ پر 25 سال سے ڈٹ پر کھڑا ہوا ہوں
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپنے نظریہ پر 25 سال سے ڈٹ پر کھڑا ہوا ہوں اور جیسے ہی ٹیکس جمع کیا تو ڈھائی سو ارب روپے کی سبسڈی دی، پاکستان کی تاریخ میں کبھی کمزور طبقے کو اٹھانے کیلئے اتنا پیسہ نہیں خرچ کیا گیا اور میں جیسے جیسے ٹیکس کا پیسہ اکھٹا کروں گا وہ اپنے عوام کی بہتری پر خرچ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ترقی پذیر ملک میں ہیلتھ انشورنس نہیں ہے لیکن ہم نے ہر خاندان کو صحت کی سہولت دی اور ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے کی ہیلتھ کوریج دی اور اب ہم راشن پروگرام شروع کررہے ہیں ، کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 20لاکھ خاندانوں کو سود بغیر قرضہ دے رہے ہیں، ہر خاندان کے ایک فرد کو ٹیکنیکل ٹریننگ دے رہے ہیں جب کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10روپے کی کمی کی اور بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بھی 5 روپے کی کمی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نبیﷺ نے دنیا کی تاریخ میں پہلی دفعہ فلاحی ریاست بنائی تھی، جو معاشرہ نبیﷺ کے راستے پر چلے گا وہاں برکت آئے گی، یورپ میں انسان تو کیا جانوروں کے بھی حقوق ہیں۔
یہ سارا ڈرامہ این آراو کیلئے کررہے ہیں
وزیراعظم نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تین چوہے 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے ہیں، یہ تین چوہے پہلے دن سے بلیک میل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ان تین چوہوں کے اربوں ڈالر بیرون ملک پڑے ہیں جب کہ مشرف نے اپنی حکومت بچانے کیلئے ان کو این آر او دے کر اس ملک پرظلم کیا۔
عمران خان نے کہا کہ یہ سارا ڈرامہ این آراو کیلئے کررہے ہیں لیکن حکومت جاتی ہے تو جائے، جان جاتی ہے تو جائے میں انہیں معاف نہیں کروں گا، چھوٹا چور ملک کو تباہ نہیں کرتا، بڑا ڈاکو ملک کو تباہ کرتا ہے، وہ قومیں تباہ ہوجاتی ہیں جہاں امیر اور غریب کیلئے الگ الگ قانون ہو۔
بلاول کو 14 سال میں اردو ہی نہیں بولنی آئی
وزیراعظم نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مریم بی بی نے زندگی میں ایک گھنٹہ کام بھی نہيں کیا اور بلاول کو 14 سال میں اردو ہی نہیں بولنی آئی۔
عمران خان نے آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کو لیڈر بنانے کے لیے پہلے تھوڑا بڑا ہونے دینا تھا، بلاول مجھے روز دھمکی دیتا ہے کہ نیب نے مجھے بلایا تو یہ کردوں گا۔
ساڑھے 3 سال میں کسی حکومت نے اتنی کارکردگی نہیں دکھائی جو ہماری ہے
وزیراعظم نے آخر میں کہا کہ اپوزیشن نے فیصلہ کیا کہ حکومت کو گرانا ہے کیوں کہ پاکستان تباہ ہورہا ہے لیکن میں دعویٰ کرتا ہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں ساڑھے 3 سال میں کسی حکومت نے اتنی کارکردگی نہیں دکھائی جتنی ہم نے دکھائی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران پوری دنیا میں لاک ڈاؤن لگے اور غریب کچلے گئے کیوں کہ لاک ڈاؤن میں دیہاڑی داڑ کا بہت نقصان ہوا اور وہ بے روزگار ہوئے لیکن جب ساری دنیا بند کی گئی لیکن میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میں نے ملک بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا جس پر مجھے شدید تنقید کی گئی لیکن آج سب سے بڑے بحران میں پوری دنیا نے تسلیم کیا کہ جو پاکستان نے قدم اٹھائے، اس سے اپنی قوم کو کورونا سے بچایا، معیشت بچائی اور غریبوں کو بھی بچایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ورلڈبینک کی حالیہ رپورٹ کے مطابق برصغیر میں آج سب سے کم بے روزگاری پاکستان میں ہے ، اس کے باوجود یہ اپوزیشن مجھ پر تنقید کرتی ہے لیکن دنیا جب مشکل میں تھی اور پاکستان نے 5.6 فیصد کے اوپر ہماری معشیت نے ترقی کی جب کہ ہماری برآمدات تاریخی رہی، تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس اکھٹا کیا ، کنسٹرکشن انڈسٹری میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار تنخواہ دار لوگوں کے لیے بینکوں کے ساتھ ملکر 30 ارب روپے کی سبسڈی دی جس کے باعث بینک چھوٹے اور تنخواہ دار لوگوں کو قرضہ دے رہے ہیں جس سے کرائے کے گھروں میں رہنے والے اپنی چھت بنانے کے قابل ہوں گے، روٹی ، کپڑا اور مکان کس کا وعدہ تھا اور اللہ یہ کام کس سے لے رہا ہے۔
30 سال حکومت کرنے والوں نے نوجوان نسل کا نہیں سوچا
عمران خان کا کہنا تھا کہ 30 سال سے یہ لوگ اس ملک پر حکومت کررہے ہیں، کراچی ، لاہور اور راولپنڈی میں پانی کم ہے لیکن ہم نے پہلی دفعہ 50 سال بعد ملک میں ڈیم بنانے کا فیصلہ کیا جو بن رہی ہیں اور انشااللہ 2025 میں مہمند ڈیم بن جائے گی جس سے سارے پشاور کو پانی ملے گا اور سب سے سستی بجلی بنے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2027 میں داسو ڈیم بھی تیار ہوگا اور 2028 میں صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا کی بڑی ڈیم بھاشا ڈیم تیار ہوگی جس سے ہمارے پاس ُدگنا پانی ہوجائے گا جس سے کاشتکاری آسان ہوگی اور شہروں میں بھی پانی دینے کے قابل ہوں گے اور اس سے پاکستان کی دولت میں میں بھی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلام آباد کے بعد پہلا شہر راوی سٹی کے نام سے بن رہا ہے اور یہ ہم لاہور کو بچانے کے لیے کررہے ہیں جو ایک بہت بڑا میگا پراجیکٹ ہے ، راوی سٹی میں 2 کروڑ درخت پانی لگائیں گے۔ اور شیخ رشید کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ نالا لائی بن رہا ہے ، مجھے کوئی بتائے 30 سالوں میں کس نے اس طرح کا کام کیا ہے۔
ہماری حکومت نے ریکوڈک کیس میں 2 ہزار ارب کا جرمانہ ختم کیا
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں ریکوڈک والے کیس میں پاکستان کو 2 ہزار ارب روپے کا جرمانہ ہوا اور اگر یہ ان کی حکومتیں ہوتی تو پاکستان کے باہر ملکوں میں موجود تمام اثاثے فروخت ہوجانے تھے لیکن میں اپنی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں کہ ہم نہ صرف وہ جرمانہ ختم کیا بلکہ اسی کمپنی کو واپس لے کر آیا جو 9 ارب ڈالر کی انویسٹمنٹ ہورہی ہے جو پاکستان کی تاریخ کی بڑی انویسمنٹ ہے اور اس کا زیادہ پیسہ بلوچستان کے عوام کے پاس جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سونے اور تانبے کی کانیں جب کام کرنا شروع ہوگی تو ہمیں آئی ایم ایف کے پاس بھی نہیں جانا پڑے گا اور میرے پاکستانیوں اب آپ کا مستقبل روشن ہے۔
رینٹل پاور کیس میں 200 ارب کا جرمانہ ختم کروایا
عمران خان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں رینٹل پاور کیس سامنے آیا تھا جس کی وجہ سے پاکستان کو 200 ارب روپے کا جرمانہ ہوا جو ترکی کی کمپنی کو دینے تھے لیکن میں نے ترک صدر طیب اردوگان سے بات کی اور ملکر ان سے بات کی جس سے یہ جرمانہ ختم ہوگیا۔
پاکستان کو 700 ارب کی بچت
وزیراعظم نے کہا کہ (ن) لیگ والوں نے گیس کے معاہدے کیے اور بجلی بنانے والی کمپنیوں سے معاہدے کیے لیکن ہماری حکومت نے ان سے مذاکرات کرکے گیس کے نئے معاہدے بنائے جس سے آج پاکستان کو 10 سال میں 700 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
23 کروڑ روپے فی کلو میٹر سستی سڑک
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اپنے نیچے رکھی ہوئی تھی 2013 اور 2021 کے درمیان پوری دنیا میں مہنگائی ہوئی اور این ایچ اے کی ویب سائٹ پر چلیں جائیں اور دیکھیں کہ 2013 میں سڑک فی کلو میٹر کتنے میں بنی تھی اور 2021 میں کتنے کی بنی، آپ کو حیرت ہوگی (ن) لیگ نے 2013 میں جو سڑکیں بنائیں وہ ہماری سڑکوں سے مہنگی تھیں، ہماری فی کلو میٹر 23 کروڑ روپے کی سستی بنی ، یعنی کہ (ن) لیگ نے ایک ہزار ارب روپے کی چوری کی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت پہلی ہے جس نے پاکستان میں درخت اگانے کی بات کی اور موسمی تبدیلی کا خیال رکھا کیا 30 سال اقتدار میں رہنے والوں نے کبھی نوجوان نسل کے لیے سوچا ، ان کا تو سب کچھ لندن میں ہے ان کو پاکستان کی فکر کیوں ہو، یہ تو لندن میں گھر اور محلات خرید رہے ہیں۔
ملک میں موجود لوگوں کی وجہ سے حکومتیں تبدیل کی جاتی رہیں
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک کو پرانے لیڈر کے کرتوتوں کے باعث دھمکیاں ملتی رہیں ، ملک میں موجود لوگوں کی وجہ سے حکومتیں تبدیل کی جاتی رہیں ، ذوالفقار علی بھٹو نے جب ملک کو جب آزاد خارجہ پالیسی دینے کی کوشش کی تو فضل الرحمان اور نوازشریف کی اس وقت کی پارٹیوں نے بھٹو کے خلاف تحریک چلائی اور آج جیسے حالات بنادیے گئے اور ان حالات کی وجہ سے ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج بھٹو کے داماد آصف علی زرداری اور اس کا نواسا بلاول ، دونوں کرسی کی لالچ میں اپنے نانا کی قربانی کوبھلاکر اس کے قاتلوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کی وکالت کررہے ہیں ، یعنی سیاست تو کرنی ہے نانا کے اوپر اور جن لوگوں نے ان کو پھانسی دلوائی ، اپنی کرسی کی خاطر ان لوگوں سے ملے ہوئے ہیں۔
آزاد خارجہ پالیسی متاثر کرنے کی کوشش کی جاری ہے
عمران خان نے کہا کہ آج پھر ملک کو انہیں حالات پر پہنچادیا گیا ہے اور ملک کی خارجہ پالیسی کو مروڑنے کی کوشش باہر سے کی جارہی ہے یعنی متاثر کیا جارہا ہے ، اس سازش کا شاہ محمود قریشی کا پتہ ہے کہ ہمیں اس کا پچھلے مہینے سے معلوم ہے اور یہ آج قتل اور مقتول جو اکھٹے ہوگئے ہیں ، ان کو اکھٹا کرنے والوں کو بھی ہمیں پتہ ہے لیکن آج وہ ذوالفقار علی بھٹو والا وقت نہیں بلکہ وقت تبدیل ہوچکا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے، جہاں کچھ بھی پوشیدہ نہیں ہوتا، پاکستانی قوم بیدار ہے اور پاکستانی قوم کسی کی غلامی قبول نہیں کریں گے، سب سے دوستی کریں گے لیکن کسی کی غلامی نہیں کریں گے۔
باہر سے پیسوں کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں باہر سے پیسوں کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پیسہ باہر کا ہے لیکن لوگ ہمارے استعمال ہورہے ہیں اور زیادہ تر لوگ انجانے میں اور کچھ جان بوجھ کر یہ پیسہ ہمارے خلاف استعمال کررہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ باہر کے اربوں روپے لے کر حکومت کے خلاف سازش کرنے والے غلاموں کو کامیاب ہونے دیں گے اور جو جمہوریت پسند ہوتا ہے وہ ہمیشہ اپنی عوام کے پاس جاتا ہے اس لیے آج آپ کو بلایا۔
میرے پاس جو خط ہے وہ ایک ثبوت ہے
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ کن کن جگہوں سے باہر سے ہم پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے ، ہمارے ملکی مفاد میں لیکن لکھ کر دھمکی دی ہے تاہم پاکستان کے مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں الزامات نہیں لگارہا ، میرے پاس جو خط ہے وہ ایک ثبوت ہے اور آج سب کے سامنے کہنا چاہتا ہوں کہ کوئی بھی اس خط پر شک کررہا ہے تو ان کو دعوت دیتا ہوں کہ آف دی ریکارڈ مجھ سے بات کرے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم سب نے یہ سوچنا ہے کہ ہم کب تک ایسا رہنا چاہتے ہیں، ہمیں دھمکیاں مل رہی ہیں ، بیرونی سازش کی ایسی بہت سی باتیں ہیں جو مناسب وقت پر اور بہت جلد سامنے لائی جائیں گی۔
قوم جاننا چاہتی ہے کہ لندن میں بیٹھا ہوا کس کس سے ملتا ہے
وزیراعظم نے کہا کہ قوم یہ جاننا چاہتی ہے کہ لندن میں بیٹھا ہوا کس کس سے ملتا ہے اور پاکستان میں بیٹھے ہوئے کردار کس کے کہنے پر چل رہے ہیں ، ہمارے پاس جو ثبوت ہیں اس حوالے سے ہر چیز کو ظاہر کررہا ہوں لیکن اس سے زیادہ تفصیل میں اس لیے بات نہیں کررہا کیوں کہ میں اپنے ملک کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا ہوں، اس لیے پوری بات نہیں کی۔
اپنے منحرف اراکین پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں ہمارے خلاف جو ووٹ دینے جائے گا، میں ان سے یہ کہوں گا کہ یہ نہ کرنا جب کہ آپ کے پاس ایک ہی راستہ ہے، استعفیٰ دے دیں۔ 25 کروڑ روپے سامنے رکھ کر یہ کہنا کہ ہمارے کام نہیں ہوئے ہم اس لیے جا رہے ہیں، یہ بات قوم نہیں مانے گی اور آپ کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آپ پیسے لے کر اپنے ملک پر بمباری کراتے ہیں، آپ پیسے کی پوجا کرتے ہیں، سپر پاورز کے سامنے سر جھکاتے ہیں، جوانسان کے سامنے جھکتا ہے اس کی کوئی عزت نہیں کرتا، بے غیرت آدمی کی کوئی عزت نہیں کرتا، ساری دنیا اس کی عزت کرتی ہے جو اپنی عزت کرتا ہے، آزاد ملک میں رہنا بہت بڑی نعمت ہوتی ہے، بیرون ملک پاکستانی اپنے ملک کی سب سے زیادہ قدر کرتے ہیں، میرے والدین نے تحریک پاکستان میں جدوجہد کی۔
امربالمعروف جلسہ گاہ کے اندر اور باہر کے تاریخی مناظر۔
اسلام آباد سمیت موٹر وے، جی ٹی روڈ تک تا حد نگاہ عوام کا جم غفیر۔
#IamImranKhan— PTI (@PTIofficial) March 27, 2022
خیال رہے پریڈ گراؤنڈ میں تحریک انصاف لے جلسے کو ’امر بالمعروف‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ آج کا جلسہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہے جس میں 15 لاکھ سے زائد لوگ شرکت کررہے ہیں۔
اسد عمر نے وزیراعظم کو انتخابات کا اعلان کرنے کا مشورہ دیدیا
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے جلسے سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا کہ عام انتخابات تو اگلے سال ہیں لیکن دل کہتا ہے کہ الیکشن کال کرہی کرلوتاکہ پتہ چل جائے پاکستان کس کےساتھ ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ اگر کسی شخص کی پہچان کرنی ہے تو یہ دیکھیں کہ اس کیخلاف کون کھڑا ہے، فضل الرحمان نے کہا جوبائیڈن دنیا کا لیڈر ہے، فضل الرحمان جوبائیڈن آپ کا لیڈر ہوگا ہمارا نہیں۔
عمران خان امت مسلمہ کے لیڈر بن چکے
جلسے سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنا ٹیکس جمع نہیں ہوا جتنا آج ہوا، عمران خان صرف پاکستان کے نہیں بلکہ امت مسلمہ کے لیڈر بن چکے ہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ 3 چوہے شیر کا شکار کرنے نکلے ہیں، یہ تین چوہے ایبسلوٹلی ناٹ سے گھبراتے ہیں کیونکہ ان کی جائیدادیں باہر ہیں۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی طرح سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت لا کر عوام کو صحت کارڈ دیں گے۔
’کوئی عمران خان کو ہٹا بھی نہیں سکتا‘
جلسے سے خطاب کے دوران وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم ملک کو چوروں اور لٹیروں سے بچانا چاہتے ہیں، اپوزیشن کو تکلیف ہے کہ وزیر اعظم ملک کو آگے لے جانا چاہتے ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ نا عمران خان جارہے ہیں نہ کوئی انہیں ہٹا سکتا ہے۔ جن کے ہاتھ میں اختیارات ہیں وہ بھی واپس چلے جائیں گے۔
عوام آج عمران خان کیلئے باہر نکلی ہے
پارلیمان عوام سے نکلی ہے، عوام عمران کے ساتھ ہے، عوام آج عمران خان کیلئے باہر نکلی ہے، انشاء اللہ کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لال حویلی سے بڑے قافلے کی صورت میں پریڈ گراؤنڈ جائیں گے، پندرہ سے بیس ہزار کارکنان راولپنڈی سے پریڈ گراؤنڈ پہنچیں گے۔
اصل جمہوریت عوام اور فیصلہ بھی عوام کرے گی
شفقت محمود نے کہا کہ پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، ضمیروں کی بولیا ں لگانا جمہوریت نہیں ہے، اصل جمہوریت عوام اور فیصلہ بھی عوام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کئی دہائیوں سے پیسے لگا کر حکومت بناتے ہیں، عوام نے ثابت کردیا ہے کہ اگر ملک میں کوئی لیڈر ہے تو وہ عمران خان ہے، پاکستان کےعوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔
عمران خان نے بے روزگار ٹولے کو بے نقاب کردیا ہے
وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ عوام بتائے یورپی یونین سے سوال کس نے کیا؟ عوام بتائے اسلامو فوبیا کے خلاف آواز کس نے اٹھائی؟ انہوں نے کہا کہ عوام بتائے اندرونی و بیرونی سازشوں کو کس نے بے نقاب کیا؟ عمران خان نے بے روزگار ٹولے کو بے نقاب کردیا ہے، آزاد خارجہ پالیسی کیلئے قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔
عمران خان نہ جھکتے ہیں اور نہ ہی بکتے ہیں
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی بلوچستان قاسم خان سوری نے اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پوری دنیا میں اسلاموفوبیا کے خلاف آواز بلند کی، عمران خان نے پوری دنیا میں مسلمانوں کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ، عمران خان غلامی کی زنجیریں توڑ رہے ہیں۔
جلسہ گاہ میں تیاریاں؛
جلسے میں عوام کی ممکنہ آمد کے پیش نظر انتظامات بھی بڑے پیمانے پر کئے گئے ہیں۔ جگہ جگہ ایل سی ڈی اسکرینز، سیکڑوں کی تعداد میں لاؤڈ اسپیکرز اور ہزاروں لائیٹیں نصب کی گئی ہیں۔
جلسے میں شریک لوگوں کے دلوں کو گرمانے اور ان کا جوش برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ انتخابات کے دوران تحریک انصاف کے جلسوں کی طرح اس مرتبہ بھی امکان ہے کہ معروف گلوکار ابرار الحق اور سلمان احمد اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔
#AmarBilMaroof Preparation in #Peshawar@Jhagra @kamrankbangash Fazal Elahi & Arbab Waseem leading the massive PTI rally#امربالمعروف
pic.twitter.com/mzKNs3Uuv5— Tehreek-e-Insaf (@InsafPK) March 26, 2022
خصوصی اسٹیج تیار
جلسے میں روایتی انداز میں کنٹینرز کی مدد سے 2 اسٹیج تیار کئے گئے ہیں۔ ایک اسٹیج پارٹی کی قیادت اور دوسرا میڈیا کوریج کے لیے بنایا گیا ہے۔
تحریک انصاف کی قیادت کیلئے 36 کنٹینرز پر مشتمل اسٹیج تیار کیا گيا ہے۔
ٹریفک انتظامات:
وفاقی دارالحکومت میں تحریک انصاف کے علاوہ جے یو آئی بھی آج جلسہ کررہی ہے، جس کی وجہ سے پولیس نے ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہونے کے خدشے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
وزیراعظم کی عوام سے اپیل
ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات وزیر اعظم عمران کی جانب سے خصوصی پیغام جاری ہوا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ آج کا جلسہ پاکستان کی جنگ ہے اور يہ تحريک انصاف کی نہيں پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہم پاکستان کی تاريخ بنانے نکلے ہيں۔ سڑکوں پر رش ہوگا اس ليے جلدی نکليں۔




















