مریم اورنگزیب نے گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹائے جانے کی تصدیق کردی۔
اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران جب صحافی نے گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق پوچھا تو انہوں نے جواب دیا کہ مجھے اس طرح سے نہیں ہٹایا جاسکتا، ابھی صرف سمری بھیجی گئی ہے جس کے بعد صدر مملکت کے پاس سمری پر دستخط کرنے کے لیے 15 دن کا وقت ہوتا ہے۔
عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد پریس کانفرنس کے دوران عمر چیمہ نے کہا کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا افسوس ناک ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق جو کچھ ہوا وہ قوم نے دیکھا۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ گزشتہ روز ارکان پنجاب اسمبلی پر تشدد کیا گیا، پنجاب اسمبلی کے واقعے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
سابق گورنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن عدالتی حکم کے مطابق نہیں کرایا گیا، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی لوٹے ثابت ہوئے، غنڈوں کو بلا کر ہنگامہ آرائی کرائی گئی
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ کن لوگوں کو اقتدار دیا جارہا ہے۔
سابق گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس مجھے عہدے سے ہٹانے کا اختیار نہیں ہے، جب تک صدر پاکستان مجھے عہدے سے نہیں ہٹاتے میں گورنر پنجاب ہوں۔
خیال رہے کہ عمر سرفراز چیمہ تحریک انصاف کے دیرینہ کارکن ہیں۔ 3 اپریل کو چوہدری سرور کو برطرف کئے جانے کے بعد عمر سرفراز چیمہ کو گورنر پنجاب مقرر کیا گیا تھا۔


















