پبی: پاک چین مشترکہ فوجی مشق وارئیر-IX کی افتتاحی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں منعقد ہوئی.
تقریب میں کور کمانڈر کے ساتھ چین کی ویسٹرن تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف میجر جنرل بیان شیاؤمِنگ بھی شریک ہوئے۔
افتتاحی تقریب میں دونوں ممالک کے سینئر عسکری حکام نے مشق کے آغاز کو دوطرفہ دفاعی تعاون کی مضبوط علامت قرار دیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع
آئی ایس پی آر کے مطابق وارئیر-IX مشق پاکستان اور چین کے درمیان موجود دیرینہ اور آزمودہ دفاعی تعلقات کا عملی اظہار ہے۔ دونوں ممالک کا دفاعی تعاون باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری پر مبنی ہے، جسے خطے کے امن و استحکام کیلئے اہم قرار دیا جاتا ہے۔
وارئیر-IX کا فوکس انسدادِ دہشت گردی آپریشنز پر ہے۔ مشق کا مقصد دونوں افواج کے درمیان باہمی رابطہ، ہم آہنگی اور مشترکہ آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور قازقستان کی مشترکہ فوجی مشقیں “دوستریم–5” جاری
مشق کے دوران پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنے، جدید جنگی حکمتِ عملیوں کے تبادلے، اور مشترکہ کارروائیوں کی مشق کی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وارئیر-IX پاکستان آرمی اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان انسدادِ دہشت گردی مشقوں کا نواں ایڈیشن ہے، جو دونوں ممالک کے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے مشترکہ عزم کی تجدید بھی ہے۔












