Tue, 21-Oct-2025

کوئی خبر دستیاب نہیں۔

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پونے گھنٹہ تاخیر سے شروع، اہم قانون سازیوں کا امکان

 اسلام آباد: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر سردار ایازصادق کی صدارت میں پونے گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوگیا ہے۔

مشترکہ اجلاس میں متعدد اہم قوانین اور اصلاحات کی منظوری دی جائے گی۔

اجلاس  کے جاری کردہ 15 نکاتی ایجنڈے کے مطابق مختلف قومی اداروں اور قانونی ڈھانچوں سے متعلق بلوں پر کارروائی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس؛ 18 منٹ میں 4 بل منظور

ایجنڈے کے مطابق قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیتوں کا بل 2025 منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، جس کا مقصد ملک میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان سے متعلق پالیسی تجاویز کو مضبوط بنانا ہے۔

اجلاس میں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ ملازمین ترمیمی بل 2025 کی منظوری بھی شامل ہے، جو سیکریٹریٹ عملے کی سروس اسٹرکچر سے متعلق اہم تبدیلیاں لائے گا۔

قانون سازی کے شیڈول میں کنونشن برائے حیاتیاتی اور زہریلے ہتھیاروں کے عملدرآمد بل 2024 بھی شامل ہے، جس کے ذریعے پاکستان بین الاقوامی ذمہ داریوں کے تحت حیاتیاتی و کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق ریگولیٹری فریم ورک کو مزید مضبوط کرے گا۔

مزید پڑھیں: 27 ویں آئینی ترمیم بل کا جائزہ؛ پارلیمنٹ کی قانون و انصاف کمیٹی کا مشترکہ اجلاس جاری

اس کے علاوہ اجلاس میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی بل 2023، نیشنل یونیورسٹی برائے سیکیورٹی سائنسز اسلام آباد بل 2023، اور اخوت انسٹیٹیوٹ قصور بل 2023 کی منظوری بھی دی جائے گی۔

اسی طرح گھرکی انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بل 2025 بھی ایوان میں منظوری کے لیے پیش ہوگا۔

مشترکہ اجلاس میں متوقع قانون سازی کو حکومتی اصلاحات اور تعلیمی، سائنسی و انتظامی اداروں کے ڈھانچے میں بہتری کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔