اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف اور ترک وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار کے درمیان ملاقات میں توانائی اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف سے ترکیہ کے وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی جب کہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے توانائی، پیٹرولیم اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کے لیے اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کی مارکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت بھی دی جب کہ ملاقات میں پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا کہ توانائی کے شعبے میں ترکی کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا اور جلد ہی ایک وزارتی وفد ترکیہ کا دورہ کرے گا۔
علاوہ ازیں کان کنی کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
شہباز شریف نے قریبی رابطہ کاری کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا اولین ترجیح ہے۔

