Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر مملکت نے انڈونیشین ہم منصب کو نشان پاکستان عطا کردیا، دوطرفہ تعلقات نئے دور میں داخل

دونوں رہنماؤں نے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے قریبی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا

اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں منعقدہ شاندار اعزازی تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کو ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز نشان پاکستان پیش کیا۔

تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور اعلیٰ عسکری قیادت سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں۔

اعزاز کے بعد دونوں صدور کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے قریبی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدرِ پاکستان نے انڈونیشیا کے سوماترا میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے لیے ہمدردی اور دعاؤں کا پیغام دیا۔

ملاقات میں دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے تجارت میں توازن، تنوع اور کاروباری تعلقات کے فروغ کے لیے مشترکہ تجارتی کمیٹی کو زیادہ فعال بنانے پر زور دیا۔

پاکستان اور انڈونیشیا نے آئی ٹی، زراعت، توانائی، سیاحت، اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت پر بھی بات چیت ہوئی۔

دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے، تربیت اور مشترکہ پیداوار کے منصوبے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ساتھ ہی دونوں صدور نے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کا بھی عزم ظاہر کیا۔

اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے انڈونیشیا کے صدر کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور خطے میں امن، مکالمے اور ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔

دورے کے اختتام پر انڈونیشیا کے صدر کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے وزرا، اعلیٰ حکام اور عسکری قیادت نے توسیعی اجلاس میں شرکت کی۔