اسلام آباد: عالمی ماحولیاتی ادارا گلوبل انوائرمنٹ فیسلٹی (جی ای ایف) سمندری حیات کے تحفظ میں معاونت کرے گا جس کے پیش نظر پاکستان کی سمندری حیات کے تحفظ کیلئے 30 لاکھ ڈالر جی ای ایف فنڈنگ کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے فنڈ کے حصول پر وزارت بحری امور کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ جی ای ایف فنڈ پائیدار ماہی گیری منصوبے شروع کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
انکا کہنا تھا کہ 12 لاکھ ڈالر حیاتیاتی تنوع جبکہ 18 لاکھ ڈالر ساحلی ماحولیاتی بحالی پر خرچ ہوں گے جبکہ ٹونا فشنگ کشتیوں کی مانیٹرنگ اور ڈیٹا سسٹم کو جدید بنایا جائے گا۔
وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے غیر رجسٹرڈ فشریز لینڈنگ سائٹس کی نگرانی کیلئے نئی اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ اوور فشنگ اور بائی کیچ میں کمی کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماہی گیروں کی معاشی حالت بہتر بنانے اور عالمی منڈی تک رسائی بڑھانے کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے، پائیدار فشریز مینجمنٹ سے ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ معاشی ترقی بھی ممکن ہوگی۔


















